غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ عوام کی خود کشیاں حکمرانوں کی غریب کش پالیسیوں کا نتیجہ ہے: پاکستان عوامی تحریک

مورخہ: 27 جون 2010ء

اس وقت ملک میں قیادت کا فقدان ہے: انوار اختر ایڈووکیٹ
مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے: حافظ غلام فرید
جب تک تقسیم دولت کا منصفانہ حل نہ نکالا گیا تب تک غریب کا مقدر نہیں بدلے گا: چوہدری محمد افضل گجر

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام پریس کلب کے سامنے خود کشیوں کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس کی قیادت انوار اختر ایڈووکیٹ مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک، چودھری محمد افضل گجر صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور، حافظ غلام فرید جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک لاہور، میاں افتخار احمد سینئر نائب صدر پاکستان عوامی تحریک لاہور نے کی جب کہ لہراسپ خاں گوندل جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک پنجاب، پروفیسر ذوالفقار علی، محمد ارشاد طاہر امیر تحریک منہاج القرآن لاہور اور دیگر نے خطاب کیا۔ انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ غربت، مہنگائی اور بے روزگای کے ہاتھوں تنگ عوام خود کشیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو غریب کش معاشی پالیسی کو بدلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں قیادت کا فقدان ہے، اگر قوم نے دیانت دار، اہل اور انقلابی قیادت کا ساتھ دیا ہوتا تو آج حالات اس نہج پرنہ پہنچتے۔ چودھری محمد افضل گجر نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی خودکشیوں کی بنیادی وجہ دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ہے۔ اس غیر منصفانہ تقسیم نے معاشرے کے غریب اور امیر کے درمیان بہت بڑی خلیج پیدا کر دی ہے۔ حافظ غلام فرید نے کہا پاکستان میں سات کروڑ سے زائد عوام غربت کی لائن سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ 80 کی دہائی میں خود کشی کرنے والوں کی تعداد 400 تھی اب 2010 میں 6000 تک پہنچ چکی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ کرپشن اور حکمرانوں کا مغلیہ طرز زندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے جو حکمرانی کا تصور دیا ہے۔ اس میں بکری کا بچہ بھی بھوک سے مر جائے تو قیامت والے دن گریبان حکمران کا پکڑا جائے گا اب جب کہ ہزاروں انسان بھوک سے مر رہے ہیں اور خود کشیاں کر رہے ہیں مگر ہمارے حکمران اتنے بے حس ہو چکے ہیں کہ ٹس سے مس نہیں ہوتے۔ میاں افتخار احمد نے کہا کہ غربت کے ہاتھوں تنگ عوام کی خود کشیاں حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا سینکڑوں خاندان اب تک مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی چکی میں پستے پستے زندگی کی باری ہار چکے ہیں۔ لہراسپ خاں گوندل، پروفیسر ذوالفقار علی، محمد ارشاد طاہر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آج ایک ایسی انقلابی قیادت کی ضرورت ہے جو تقسیم دولت کا منصفانہ حل نکال کر غربت مکاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top