منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے زیر اہتمام تربیتی نشست کا اہتمام

مورخہ: 15 جون 2010ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے زیراہتمام مورخہ 15 جون 2010 ء کو تحریکی کارکنان و وابستگان کے لئے ایک تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صاحبزادہ حسن محی الدین قادری صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل تھے۔ دیگر مہمانان گرامی میں سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، پیر طریقت پیر جعفر شاہ، مولانا محبوب الرحمان، علامہ نور احمد نور، امیر یورپ علامہ حسن میر قادری، علامہ حافظ عابد کشمیری، شاہد مرسلین اور اعجاز وڑائچ شامل تھے۔

تربیتی نشست کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت یوتھ لیگ کے سرگرم رکن سعد قریشی نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت منہاج یوتھ لیگ اور منہاج سسٹر لیگ نے حاصل کی، نشست کی نقابت کے فرائض علامہ حافظ صداقت علی نے ادا کئے۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آقاء دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ ہمارے لئے بہترین اسوہ حسنہ ہے اور ہمارے ایمان کا مرکز و محور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات بابرکات ہے، نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جتنی محبت، عشق اور ادب پختہ ہوگا اتنا ہی ایمان کامل ہوگا۔

حضرت موسیٰ علیہ السلام اور یوشع بن نون کے قرآنی واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے صدر سپریم کونسل نے کہا کہ صالح سنگت اور صحبت سے ہی منزل تک پہنچا جا سکتا ہے،  تلاش حق کے لئے صالح سنگت، صالح صحبت اور مرید صادق کا ہونا لازمی ہے جس طرح یوشع بن نون، حضرت یوسف علیہ السلام کے پوتے تھے، ان کو جلیل القدر پیغمبر حضرت موسیٰ علیہ السلام کی صالح سنگت اور صحبت میں بھیجا جس کی وجہ سے انہوں نے حق کو پایا۔ مشن اسلام کی ترویج و اشاعت اور فروغ دین کے لئے ضروری ہے کہ صالح قیادت کی سنگت اختیار کریں جو ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عظیم اور صالح قیادت کی صورت میں میسر ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں چاہیے کہ شیخ الاسلام کی صحبت سے فائدہ اٹھائیں اور اس تعلق کو مضبوط سے مضبوط تر کر لیں۔

پروگرام کے اختتام پر نئی انتظامیہ کے صدر پرویز نثار اور ان کی ٹیم سے صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے حلف لیا اور پیر طریقت حضرت پیر جعفر شاہ نے خصوصی دعا کرائی

رپورٹ: عقیل قادر (اوسلو، ناروے)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top