گیس کی قیمت میں 12 فیصد اضافے کا حکومتی اعلان مجبور اور غریب عوام کی زندگی میں آگ بھرنے کے مترادف ہے : شیخ زاہد فیاض

مورخہ: 28 جون 2010ء

حکومت اپنی شاہ خرچیاں کم کرے اور اس کا بوجھ غریب عوام پر نہ ڈالے
حکومت گیس کی قیمتوں میں کئے جانیوالے حالیہ اضافہ کے فیصلے کو واپس لے
حکومت عوام کی پشت میں مہنگائی کے خنجر گھونپنے سے باز رہے
سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کی تحریک منہاج القرآن لاہور کے وفد سے گفتگو

ایسے لگتا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کا نام اشیائے ضروریہ کو مہنگا کرنا سمجھ رکھا ہے اور آئے روز بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ گیس کی قیمت میں 12 فیصد اضافے کا حکومتی اعلان مجبور اور غریب عوام کی زندگی میں آگ بھرنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر کی قیادت میں آئے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے دعوؤں کے برعکس عوام کو ریلیف دینے کی بجائے روز بروز ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے اور غریب بچوں سمیت خود کشیوں اور زہر خوانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ غریب عوام نے حکمرانوں کو اختیار دیا ہے مگر انہیں مہنگائی اور فاقوں سے مارا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت اپنی شاہ خرچیاں کم کرے اور اس کا بوجھ غریب عوام پر نہ ڈالے۔ حکومت کو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے سے قبل ایسے فوری اور قابل عمل اقدامات کرنے ہونگے جس سے ان مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر گیس کی قیمتوں میں کئے جانیوالے حالیہ اضافہ کے فیصلے کو واپس لے۔ عوام کی پشت میں مہنگائی کے خنجر گھونپنے سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ یہ قدرتی طور پر ملک میں موجود ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top