میڈیا عوام کی آواز بن کر مسیحائی کا کردار ادا کرے : شیخ زاہد فیاض

مرکز اور پنجاب حکومت دہشت گردی ختم نہیں کر سکتے تو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں
نظام نہ بدلا تو ظلم و بربریت مزید بڑھے گی

تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ سیاستدان ناکام ہو چکے ہیں، میڈیا عوام کی آواز بن کر مسیحائی کا کردار ادا کرے۔ اگر چہرے بدلتے رہے اور نظام نہ بدلا تو ظلم و بربریت کا کھیل اسی طرح جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا داتا علی ہجویری کے دربار پر دہشت گردی بہت بڑا سانحہ ہے اگر حکومت دہشت ختم نہیں کر سکتی اور عوام کے حقوق کی حفاظت نہیں کر سکتی تو اسے کوئی حق نہیں کہ اقتدار پر براجمان رہے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر انوار اختر ایڈووکیٹ، ناصر اقبال ایڈووکیٹ، نعیم الدین چوہدری، لہراسب خان گوندل اور دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔ سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ پارلیمنٹ میں دہشت گردوں کو تحفظ دینے والے بیٹھے ہوئے ہیں۔ سیاست دانوں نے ذاتی مفادات اور عارضی اقتدار کو بچانے کیلئے عوام کو خود کشیوں پر مجبور کر رکھا ہے۔ اگر یہی حال رہا تو عنقریب عوام کے ہاتھ سیاستدانوں کے گریبانوں پر ہونگے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ سیاستدانوں نے مجرمانہ چپ سادھ رکھی ہے اور اسمبلیوں میں گونگے بن کر بیٹھے ہیں۔ پارلیمنٹ مفادات کا قیدی بن کر سو رہی ہے اور ملک کو صومالیہ، ایتھوپیا اور افغانستان بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ داتا دربار پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے ہم اسکی شدید ترین مذمت کرتے ہیں اسکی ذمہ داری صوبائی اور مرکزی حکومت پر ہے۔ انہوں نے کہا مزارات پر حملے کرنے والے انسان نہیں درندے ہیں انہیں کھلی چھٹی دینے والے قومی مجرم ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردوں کو خوارج قرار دے دیا ہے حکومت اس فتویٰ سے مدد لے تو دہشت گردی جڑ سے ختم ہو سکتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top