غیر مسلم مذہبی رہنماؤں کی داتا صاحب کے مزار پر دہشت گردی کی مذمت اور سانحہ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی

مزار اقدس کے صحن میں امن کی شمیعں روشن کیں اور شہداء کیلئے دعا کی

United Religions Intiative اور منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنزکے زیراہتمام داتا علی ہجویری کے مزار اقدس پر ہونے والی دہشت گردی کے خلاف مسیحی، سکھ، پارسی، ہندو اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنماؤں نے مزار اقدس کے صحن میں امن کی شمعیں روشن کر کے سانحہ داتا دربار کے شہداء کیلئے دعا کی اور لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر فادر جیمز چنن، یوئیل بھٹی، فادر عابد حبیب، ڈاکٹر سلیم میسی، ترنجیت سنگھ، دھرم سنگھ، ڈاکٹر منور چاند، پنڈت بھگت لال، ایم بی ولسن، منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل رضا، طاہر بغدادی، لطیف مدنی، عبد الحفیظ چوہدری، قاضی محمود، حافظ غلام فرید اور افتخار الحسن چشتی کے علاوہ مسلم اور غیر مسلموں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اظہار یکجہتی کے اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے غیر مسلم رہنماؤں نے کہا کہ داتا دربار میں ہونے والی دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اس سانحے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے۔ اس المناک اور دل دہلا دینے والے سانحے کا جتنا دکھ مسلمانوں کو ہے اتنا ہی یہاں بسنے والے غیر مسلموں کو بھی ہے۔ مسیحی رہنماء فادر جیمز چنن کوآرڈینیٹر URI پاکستان نے اس سانحے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء کرام انسانیت سے پیار کرتے ہیں اور بلاتفریق رنگ و نسل جنس و مذہب محبت اور امن بانٹتے ہیں۔ داتا علی ہجویری تمام مذاہب کے سانجھے بزرگ ہیں وہ صرف مسلمانوں کے نہیں سب کے داتا ہیں۔ انہوں نے کہا اللہ کے نیک بندوں کے مزارات میں داخل ہوتے وقت کسی سے اس کا مذہب نہیں پوچھا جاتا۔ فادر جیمز چنن نے کہا کہ داتا صاحب نے اپنے کردار سے محبت کی وہ شمعیں جن کی لو ہزار سال گزرنے کے بعد بھی آب و تاب سے روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام مسیحی برادری ہندو، سکھ اور پارسی ملک میں ہونے والی دہشت گردی اور بالخصوس سانحہ داتا دربار کی مذمت کرتے ہیں اور دہشت گردی کی اس گھناؤنی کارروائی میں شہید ہونیوالوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور حکومت وقت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ داتا دربار کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں قومی کمیشن تشکیل دیا جائے اور تمام مذاہب کے مقدس مقامات اورعبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ منہا ج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل حمد رضا نے کہا کہ داتا صاحب انسانیت کے محسن ہیں اور محسنوں کے مزار پر خون کی ہولی کھیلنے والے انسانوں کے روپ میں بدترین درندے ہیں۔ ہم ان کی بزدلانہ کارروائیوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دہشت گردی کو کچلنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ آخر میں غیر مسلم قائدین نے منہاج القرآن کے قائدین کے ساتھ مل کر امن کی شمعیں روشن کیں اور اظہار یکجہتی کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top