نصاب میں تصوف اور صوفیاء کرام کی مثالی تعلیمات کو ضرور شامل کرنا چاہیے : سید فرحت حسین شاہ

داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار اقدس پر بزدلانہ حملہ دہشت گردوں کی شکست کا پیش خیمہ ہے
منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’انسداد دہشت گردی اور تعلیمات تصوف‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا
منہاج القرآن علماء کونسل کے مر کزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ کی علماء کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

صوفیائے عظام اور اولیاء کرام نے ہمیشہ انسداد دہشت گردی، برداشت اور صبر و تحمل کی تعلیمات کو عام کیا۔ داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار اقدس پر حملہ شکست خورد ہ اور کمزور دل و دماغ کے حامل افراد نے کیا جن کا نہ کوئی عقیدہ ہے نہ ہی مسلک و مذہب۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے علامہ میر محمد آصف اکبر کی قیادت میں آئے علماء کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور صوبے میں برسراقتدار سیاسی جماعتیں آج تک باہمی تصادم اور سیاسی رسہ کشی سے باہر نہ نکل سکیں اور حالات یہاں تک آپہنچے ہیں کہ دہشت گردوں کی زد سے داتا دربار تک محفوظ نہیں رہا۔ انہوں نے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس اور علمائے کرام کو چاہیے کہ وہ اپنے مدارس کے نصاب میں تصوف اور صوفیاء کرام کی مثالی تعلیمات کو ضرور شامل کریں تاکہ دینی مدارس کے طلبہ میں ادب و احترام، حوصلہ و برداشت، احسان و نیکی اور عفو و درگزر کے اعلیٰ اوصاف پیدا کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا تمام مواد جس سے نفرت، عناد، تفرقہ اور انتہا پسندی پھیلنے کا باعث بن رہا ہو اس کا فوری خاتمہ ضروری ہے۔ نفرت پھیلانے والا ایسا مواد خواہ کتابی صورت میں ہو یا آڈیو، وڈیو کی شکل میں وہ سب جلا کر راکھ کر دینا چاہیے۔ انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہا آئندہ ایسا نصاب تحریر کرنے والے عناصر اور افراد کے خلاف ایسا قانون بنایا جائے جس سے ان کو کڑی سے کڑی سزا دے کر کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر بزدلانہ حملہ تمام دہشت گرد ٹولوں کی شکست کا پیش خیمہ ہے۔ فرحت حسین شاہ نے کہا کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات کو فروغ دینے کے لیے عنقریب ایک عظیم الشان سیمینار بعنوان ’’انسداد دہشت گردی اور تعلیمات تصوف‘‘ کا انعقاد کر رہے ہیں۔ ملاقات کرنے والے علماء کے وفد میں علامہ محمد حسین آزاد، مولانا محمد عثمان سیالوی، علامہ محمد اصغر صدیقی، مفتی خلیل احمد قادری، علامہ نور الزمان اور مولانا ممتاز صدیقی شامل تھے۔ وفد میں شریک تمام علمائے کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صوفیاء کی تعلیمات پر مبنی سیمینار کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top