دہشت گردوں نے لاہور کی روح پر حملہ کر کے عالم اسلام کے مسلمانوں کو تڑپا دیا ہے : ساجد گوندل

برصغیر کاخطہ خصوصاً داتا علی ہجویری کے احسانات تلے دبا ہوا ہے
مزارات کو شرک اور بدعت کے اڈے قرار دینے والے دہشت گردی کے فکری محافظ ہیں
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سیکرٹری جنرل ساجد گوندل کا احتجاجی مظاہر ے سے خطاب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سیکرٹری جنرل ساجد گوندل نے سانحہ داتا دربار کے خلاف جمعہ کی نماز کے بعد داتا صاحب کے باہر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ہونے والے ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کا خطہ خصوصاً داتا علی ہجویری کے احسانات تلے دبا ہوا ہے دہشت گردوں نے لاہور کی روح پر حملہ کرکے عالم اسلام کے مسلمانوں کو تڑپا دیا ہے۔ داتا کے متوالوں کے جذبات کو ان کی پرامن محبت اور سلامتی سے لبریز تعلیمات نے جکڑ رکھا ہے۔ آج دہشت گرد پیدا کرنے والی فکر کے خلاف جنگ کرنا ہوگی۔ دینی مدارس کے نصابوں میں پڑھایا جانے والا نفرت انگیز مواد ضبط کرنا ہوگا جس نے مسلمانوں کے مختلف مکاتب فکر کو دولخت کر رکھا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ دینی مدارس اور دیگر تمام تعلیمی اداروں کا میٹرک تک کا نصاب مساوی کر دیا جائے اور منفی مواد کو کلیتاً ختم کر دیا جائے تو تنگ نظر رویے ختم ہو جائیں گے اور انتہا پسندی دریا برد ہوجائیگی۔ انہوں نے کہا کہ مزارات کو شرک اور بدعت کے اڈے قرار دینے والے دہشت گردی کے فکری محافظ ہیں، وہ نئی نسل کو گمراہ کر رہے ہیں، طلبہ اور نوجوان ان کی باتوں پر کان دھرنے کی بجائے صوفیاء کی ذات مقدسہ سے محبت کریں اور ان کی تعلیمات پر اپنی عملی زندگی استوار کریں۔ مظاہرے سے حافظ عبدالغفار مصطفوی، علی رضا اور دیگر طلبہ و قائدین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top