داتا صاحب پر خود کش حملہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے : سید فرحت حسین شاہ

داتا صاحب پر حملہ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے بدترین دشمن ہیں : راغب نعیمی
منہاج القرآن علماء کونسل 20 جولائی کو "انسداد دہشت گردی اور تعلیمات صوفیاء" کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کرے گی

تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیراہتمام سانحہ داتا صاحب کے خلاف لاہور پریس کلب میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں دہشتگردی کے بدترین واقعہ کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ داتا صاحب پر حملہ پنجاب اور مرکزی حکومت کی ناکامی ہے اور ایسی سفاکانہ کارروائی کرنے والے انسانوں کے روپ میں بھیڑیے ہیں، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ سیمینار سے جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ راغب نعیمی، منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ، مولانا شہزاد مجددی، جامع مسجد داتا صاحب کے خطیب رمضان سیالوی، مولانا نعیم نوری، مفتی حسیب نعیمی، پروفیسر احمد اعوان، نواز کھرل، مولانا شبیر فاروقی، علامہ محمد حسین آزاد الازہری، پیر منیر احمد یوسفی، مولانا رضائے مصطفی، صفدر شاہ، پیر اطہر قادری، مولانا زاہد حبیب اور دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ داتا صاحب پر خود کش حملہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے ایسا تو غیر مسلم حکمرانوں کے دور میں بھی کبھی نہیں ہوا۔ پاکستان بننے کی مخالفت کرنے والے وطن عزیز کو تباہ کررہے ہیں اور پاکستان کو وہی بچائیں گے جنہوں نے پاکستان بنایا تھا۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ داتا صاحب کی ذمہ دار پنجاب اور مرکز کی حکومتیں ہیں۔ داتا صاحب کا برصغیر کے مسلمانوں پر احسان ہے۔ ہمارے آباؤ اجداد ان کی تعلیمات کے باعث ہی مسلمان ہوئے ہیں۔ دہشت گرد خارجیوں کا تسلسل ہیں اور انہوں نے ہر دور میں اسلام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ منہاج القرآن علماء کونسل 20 جولائی کو "انسداد دہشت گردی اور تعلیمات صوفیاء" کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کرے گی جس میں تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء اور مؤثر شخصیات شرکت کریں گی۔ جامعہ نعیمہ کے ناظم اعلیٰ راغب نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داتا صاحب پر حملہ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے بدترین دشمن ہیں ایسے اسلام دشمن عناصر کو بے نقاب کرنا ہوگا جو دہشت گردی کی کارروائیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تصوف اور روحانیت کے خلاف لٹریچر تقسیم کرنے والے امن کے دشمن ہیں۔ امن پسند تعلیمات کے فروغ میں ڈاکٹر سرفراز نعیمی کا کردار ناقابل فراموش ہے ظالم دہشت گردوں نے انہیں شہید کرکے بزدلی کا مظاہرہ کیا۔ سرفراز نعیمی کا مشن جاری رہے گا اور ہم دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر رہیں گے۔ علامہ شہزاد مجددی نے کہا کہ داتا صاحب پر حملہ کرنے والوں کی فکر سے عوام الناس آگاہ ہوچکے ہیں اور ان کی ظالمانہ کاروائیوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔ عوام شعور کی آنکھ کھولیں اور ان بھیڑیوں کے مکروہ چہروں کو بے نقاب کریں جنھوں نے ہمارے معاشرے کا امن نوچ لیا ہے۔ سیمینار میں دہشت گردی کی مذمت میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top