قلم کی طاقت سے ٹکرانے والے بڑے بڑے آمر آج اقتدار کے ایوانوں میں نہیں ہیں : شیخ زاہد فیاض

اسمبلیوں کو جعلسازوں سے پاک کر کے الیکش کمیشن قومی الیکشن میں دوسرے نمبر پر آنیوالوں کو کامیاب قرار دے
روایتی کرپٹ سیاستدانوں کیلئے مستقبل کی سیاسی بساط میں کوئی جگہ نہیں ہے
شیخ زاہد فیاض کی اندرون سندھ سے آئے ہوئے صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر گفتگو

پنجاب اسمبلی میں میڈیا کے خلاف اور بعد ازاں حق میں قراداد کا پیش ہونا سیاستدانوں کی سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔ میڈیا کو زیردست کرنے کیلئے جو کوشش کی گئی اسکے پس پردہ سیاسی جماعتوں کے آمرانہ رویے ہیں جو حق بات سننے کو تیار نہیں۔ سانحہ داتا صاحب کے بعد پیدا ہونے والی نازک صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے اس ایشو کو جان بوجھ کرچھیڑا گیا۔ اہل سیاست کا میڈیا سے ٹکراؤ خطرناک ہے۔ اہل اقتدار کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ قلم کی طاقت سے ٹکرانے والے بڑے بڑے آمر آج اقتدار کے ایوانوں میں نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پا کستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر شیخ زاہد فیاض نے سینئر صحافی دیدار سومرو کی قیادت میں اندرون سندھ سے آئے ہوئے صحافیوں کے وفد کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان عوامی مسائل کے حل کیلئے قانون سازی پر توجہ دیں اور میڈیا متوسط طبقے کی قیادت کو آگے لانے کیلئے موجودہ کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف بھی بات کرے۔ انہوں نے کہاکہ جعلی ڈگری والے اراکین اسمبلی کیلئے پارلیمنٹ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ اسمبلیوں کو جعلسازوں سے پاک کر کے الیکش کمیشن قومی الیکشن میں دوسرے نمبر پر آنیوالوں کو کامیاب قرار دے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اسکے خلاف سیاستدانوں کی طرف سے کیا جانیوالا خودکش حملہ ناکام ہوا ہے اور اب مستی خیل کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا دعویٰ بھی ن لیگ کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ میڈیا کے خلاف سیاستدانوں کا رد عمل بتا رہا ہے کہ سوسائٹی میں بڑی تبدیلی آرہی ہے اور روایتی کرپٹ سیاستدانوں کیلئے مستقبل کی سیاسی بساط میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ سیاستدانوں کو آئینہ دکھانا میڈیا کے فرائض میں شامل ہے اور میڈیا کو یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے مزید مضبوط ہونا چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top