میڈیا آئینہ ہے جس میں سیاستدان اپنا اصل چہرہ دیکھ کر خوفزدہ ہو گئے ہیں : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

جعلی ڈگری والوں کا پارلیمنٹ میں وجود ہمارے اجتماعی شعور پر تازیانہ ہے
میڈیا کرپشن کو تحفظ دینے والے سیاسی نظام کے خلاف بھی آواز بلند کرے
میڈیا یکجہتی، محنت اور مثبت اپروچ سے اپنا سفر جاری رکھے، کرپٹ سیاستدان اسکا کچھ نہیں بگاڑ سکتے
افسوس آج ادارے باہم ٹکراؤ کی پوزیشن پر ہیں اور آئین کو موم کی ناک بنا دیا گیا ہے

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد محمد طاہرالقادری نے حبیب جالب بلوچ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی وجوہات کا تدارک کئے بغیر اسکا خاتمہ کرنا ناممکن ہے۔ سیاستدانوں کی ٹارگٹ کلنگ ملکی یکجہتی کیلئے خطرناک ہے۔ سطحی اقدامات قوم کے ساتھ دھوکہ ہے حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں درست سمت کا تعین کرے۔ میڈیا آئینہ ہے جس میں سیاستدان اپنا اصل چہرہ دیکھ کر خوفزدہ ہو گئے ہیں اور اپنا عمل و کردار درست کرنے کی بجائے آئینہ توڑنے کے درپے ہیں مگر اب ایسا ممکن نہیں ہے۔ میڈیا کرپشن کو تحفظ دینے والے سیاسی نظام کے خلاف بھی آواز بلند کرے تا کہ حبس زدہ سیاسی ماحول اور کلچر سے نجات مل سکے۔ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے اہل سیاست کا اس پر حملہ حقیقت سے آنکھیں چرانا ہے۔ جعلی ڈگری والوں کا پارلیمنٹ میں وجود ہمارے اجتماعی شعور پر تازیانہ ہے۔ وہ گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کی ڈائریکٹو ریٹ آف میڈیا کے گروپ ہیڈ جی ایم ملک سے نارتھ امریکہ سے ٹیلیفونک گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام، عبدالحفیظ چوہدری، لطیف سندھو، محمد عارف، نوشیرواں عاصم، اور محمود الاسلام بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا پارلیمنٹ کا کردار ادا کر رہا ہے۔ میڈیا یکجہتی، محنت اور مثبت اپروچ سے اپنا سفر جاری رکھے، کرپٹ سیاستدان اسکا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ استحصالی اور گلا سڑا سیاسی نظام ملک میں تعمیری اور مثبت سیاست کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اور کرپٹ سیاستدانوں کا سب سے بڑا محافظ ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ادارے مضبوط ہوں تو آئین محفوظ ہو جاتا ہے مگر افسوس آج ادارے باہم ٹکراؤ کی پوزیشن پر ہیں اور آئین کو موم کی ناک بنا دیا گیا ہے۔ سیاستدان ملک اور قوم کی بہتری کی بجائے اپنے مفادات کو تحفظ دینے کیلئے آئینی ترامیم کر رہے ہیں۔ 18 ویں ترمیم کے ذریعے پارٹیوں کے اندر الیکشن کرانے کے عمل کو ختم کر کے سیاستدانوں نے عوام سے ہاتھ کر دیا ہے پارٹیوں پر مخصوص خاندان قابض ہیں اسلئے وہ پارٹیوں پر اپنی آنے والی نسلوں کا تسلط قائم رکھنا چاہتے ہیں۔ عوام ان جمہوریت اور عوام کش فیصلوں پر نظر رکھیں اور اپنے حقوق کے حصول کیلئے سیاسی بالغ نظری کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اس وقت تک قوموں کی حالت نہیں بدلتا جب تک قوم خود اپنا مقدر بدلنے کا فیصلہ نہ کر لے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top