جعلی ڈگری والے ممبران پارلیمنٹ توہین کے مرتکب ہوئے۔ انوار اختر ایڈووکیٹ

جعلی ڈگری والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ چوہدری محمد افضل گجر
جعلی ڈگری ہولڈرز نے نظام تعلیم پر سوالیہ نشان پیدا کر دیا ہے۔ حافظ غلام فرید
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام جعلی ڈگریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے مقررین کا خطاب

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام جعلی ڈگریوں کے خلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوا جسمیں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ قیادت سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ، صدر لاہور افضل گجر، جنرل سیکرٹری حافظ غلام فرید اور سینئر نائب صدر لاہور میاں افتخار احمد نے کی۔ جبکہ اس موقع پر پروفیسر ذوالفقار علی، ملک جاوید اعوان، الطاف رندھاوا اور حفیظ اللہ جاوید بھی موجود تھے۔ مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ جعلی ڈگری والے ممبران پارلیمنٹ کی توہین کے مرتکب ہوئے پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے کہ جعلی ڈگری والوں اور انگوٹھا چھاپ سیاسی پنڈتوں سے پارلیمنٹ کوپاک کیا جائے۔ اور ضمنی الیکشن پر پیسہ ضائع کرنے کی بجائے دوسرے نمبر پر آنیوالوں کو کامیاب قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ڈگریاں معاشرے کا حصہ نہیں ہیں، کرپٹ اراکین اسمبلی کے عمل کو معاشرے کے رویے سے تعبیر نہ کیا جائے، اس حوالے سے وزیر اعظم کے خیالات سے قوم اتفاق نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ بی اے کی شرط دوبارہ بحال کی جائے۔ چوہدری محمد افضل گجر نے کہا کہ جعلی ڈگری والوں کی وجہ سے ملک اور قوم کی سبکی ہوئی ہے اس لیے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے جعلی نہیں اصلی ڈگری والے اہل باکردار اور دیانتدار لیڈرز کی ضرورت ہے۔ حا فظ غلام فرید نے کہا کہ جعلی ڈگری ہولڈرز نے نظام تعلیم کو مشکوک بنا دیا ہے۔ جعلی عوامی نمائندوں نے نہ صرف ہمارے نظام تعلیم پر سوالیہ نشان پیدا کر دیا ہے بلکہ قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ڈگری والوں پر ہمیشہ کے لیے پارلیمنٹ کے دروازے بند کر دیے جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top