ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی اور شب معراج النبی (ص) کا روحانی اجتماع (جولائی 2010ء)

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی اور معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مشترکہ پروگرام 9 جولائی 2010ء کو ہوا۔ گوشہ درود کا یہ 55 واں ماہانہ روحانی اجتماع تھا جو شیڈول کے مطابق یکم جولائی 2010ء کو ہونا تھا لیکن معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وجہ سے ایک ہفتہ بعد منعقد کیا گیا۔

روحانی اجتماع اور معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 2010ء کے مشترکہ پروگرام کو مرکزی سیکرٹریٹ میں گوشہ درود کے ہال کی چھت پر منعقد کیا گیا جس کی صدارت امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے کی۔ پروگرام میں قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، انچارج خدمت کمیٹی گوشہ درود حاجی محمد سلیم قادری، مربی گوشہ درود الحاج سید مشرف علی، حاجی ریاض احمد، راجہ زاہد محمود، ناظم امور خارجہ راجہ محمد جمیل، امیر پنجاب احمد نواز انجم، محمد فاروق رانا، علامہ محمد شہزاد مجددی، میاں عبدالقادر قادری، حاجی منظور قادری، بشیر خان لودھی، عاقل ملک، جواد حامد، علامہ آصف میر قادری، توقیر احمد گیلانی اور دیگر مرکزی قائدین بھی سٹیج پر موجود تھے۔

اس روحانی اجتماع میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی، جن کے لیے پنڈال کا الگ حصہ مختص کیا گیا تھا۔ پنڈال میں سب سے اگلے حصہ میں گوشہ درود کے گوشہ نشینان بیٹھے تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب دس بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس میں میاں سرور صدیق، عنصر علی قادری، شہزاد عاشق قادری، منہاج نعت کونسل، محمد شکیل طاہر، حجرہ شاہ مقیم سے ننھے ثناء خوان اور دیگر نعت خوان حضرات نے بھی نعتیں پڑھیں۔ نعت خوانی کے سلسلہ کے دوران شرکاء نے جھوم جھوم کر اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ بشیر خان لودھی نے اپنے مخصوص انداز میں کلام باہو بھی پیش کیا۔

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر پروگرام میں علامہ فرحت حسین شاہ نے شیخ الاسلام کی کتاب "دلائل البرکات" کا دورہ کیا۔ جس میں تمام شرکاء نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ فرحت حسین شاہ نے کہا کہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کائنات کا عظیم معجزہ ہے۔ اس عظیم معجزے کی برکت نے جدید سائنسی تحقیقات کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو قریہ قریہ اور نگر نگر عام کر رہی ہے، معراج مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور گوشہ درود کے مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اسی سلسلے کا ایک تسلسل ہے۔ منہاج القرآن کے اس پیغام محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دنیا بھر میں عام کیا جا رہا ہے اور یہ پیغام امن بھی ہے۔

پروگرام میں علامہ فرحت حسین شاہ نے ماہ جون میں گوشہ درود کے پڑھے جانے والے درود پاک کی رپورٹ بھی پیش کی۔

پروگرام کے اختتام سے پہلے تمام حاضرین نے کھڑے ہو کر درود و سلام پیش کیا۔ شب دو بجے تک جاری رہنے والے اس پروگرام کی نقابت کے فرائض وقاص علی قادری نے سر انجام دئیے۔ آخر میں علامہ محمد حسین آزاد نے اختتامی دعا کرائی۔

(ایم ایس پاکستانی)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top