اہل بیت کی محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا : محمد جمیل قادری

منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے زیر اہتمام مورخہ 10 جولائی2010ء بروز ہفتہ بعد نماز عشاء منہاج اسلامک سنٹر ھائینگ سٹی (تھیگو) میں مقامی کمیونٹی کے تعاون سے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کے یوم ولادت کے حوالہ سے ایک عظیم الشان محفل منعقد ہوئی۔ پروگرام کی صدارت سید مجتبی حسین شاہ نے کی۔

محفل کا آغاز حافظ محمد انزاد کی تلاوت سے ہوا، حافظ عابد جمال قادری (ناظم منہاج القرآن تھیگو) اور دیگر ثناء خوان حضرات نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ نقابت کے فرائض محمد تبسم علی اور محمد عدیل رانا نے ادا کئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے امیر محمد جمیل قادری نے قرآن وحدیث کی روشنی میں واقعہ معراج البنی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور محبت اہل بیت پر جامع گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ معراج تاریخ انسانی میں بہت بڑا معجزہ ہے جو کسی اور پیغمبر کے حصے میں نہیں آیا، اللہ رب العزت نے اپنے پیارے حبیب کو اپنے پاس بلا کر تمام جہانوں کی مخلوقات کو اپنے محبوب کی شان کی اک جھلک دکھائی۔

انہوں نے اہل بیت رضی اللہ عنہم کے حوالے سے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہل بیت سے محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ علی، فاطمہ، حسن اور حسین میرے اہل بیت ہیں، جس نے ان سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی۔

پروگرام کے آخر میں ھائینگ اسلامک سنٹر میں مثالی خدمات پیش کرنے والے احباب کو انتظامیہ کی طرف سے مصطفوی کیپ کا تحفہ پیش کیا گیا، پروگرام کی اختتامی دعا سید مجتبی شاہ نے کرائی اور بعد ازاں شرکائے محفل میں لنگر حسینی پیش کیا گیا۔

ساؤتھ کوریا (رانا محمدفاروق)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top