منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے نوشہرہ میں خیمہ بستی قائم کر دی : افتخار شاہ بخاری
آج سے متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے جھولی پھیلاؤ مہم کا آغاز کیا جارہا ہے
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے نوشہرہ میں 500 متاثرین سیلاب کے لیے منہاج خیمہ بستی قائم کردی ہے۔ آج سے متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے جھولی پھیلاؤ مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لیے بروز ہفتہ امداد کارواں نکالا جائے گا جو لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، گوجر خان، راولپنڈی اور اسلام آباد سے ہوتا ہوا نوشہرہ پہنچے گا جہاں متاثرین سیلاب کو امداد تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن واحد تنظیم ہے جس نے متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے سب سے پہلے فلاحی سرگرمیاں شروع کیں۔ یہ بات انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سیکرٹری جنرل منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن جی ایم ملک اور لاہور کے کوآرڈینیٹر ارشاد طاہر کے ہمراہ صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ لیہ، کروڑ لعل عیسن، ترگ شریف، عیسیٰ خیل، راجن پور اور نوشہرہ میں امدادی ٹرک امداد لے کر پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پور ے ملک میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے تین ہزار سے زائد متاثرہ خاندانوں کو کیمپوں میں پناہ دی ہے جہاں متاثرہ احباب کو تینوں اوقات کا کھانا اور ضروریات زندگی کی تمام اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پانچ امدادی کیمپس بھکر میں لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے 3000 سے زائد کارکن اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد میں مصروف عمل ہیں۔ افتخار شاہ بخاری نے اپیل کی ہے کہ امدادی اشیاء و اجناس منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کیمپوں میں جمع کرائی جائیں اور نقدی عطیات جمع کرا کر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کار کنوں سے رسید لی جا سکتی ہے یا آن لائن اکاؤنٹ نمبر 0197001352.9303 میں رقوم جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
تبصرہ