ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے متاثرین سیلاب کے 500 بے سہارا یتیم بچوں کو 'آغوش' میں لینے کا اعلان کر دیا

مورخہ: 12 اگست 2010ء

شيخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیلاب سے متاثرہ 500 بے سہارا یتیم بچوں کو ''آغوش'' میں لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ "آغوش" بے سہارا و يتيم بچوں کي کفالت کا ادارہ ہے، جو منہاج ويليفیئر فاؤنڈيشن کے زيراہتمام چل رہا ہے۔ اس فيصلہ کا اعلان تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں 12 اگست 2010ء کو ايک پریس کانفرنس ميں کيا۔ نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام اور تحريک کے دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ اس سے قبل 8 اکتوبر 2005ء کے قیامت خیز زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے یتیم و بے سہارا بچوں کو بھی ڈاکٹر طاہر القادری نے ادارہ آغوش میں لیا تھا اور گزشتہ 5 سال سے وہ بچے اس ادارے میں زیر تعلیم و زیر کفالت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ سیلاب کی تباہ کاریوں نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ تقریباً 2 کروڑ افراد بدترين سيلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان متاثرہ علاقوں میں جہاں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے منہاج خیمہ بستیاں اور امدادی و رہائشی کیمپس منعقد کیے ہیں وہاں ایسے گھرانوں کے یتیم و بے سہارا بچوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ متاثرہ بے سہارا بچوں کو "آغوش" تک پہنچانے کے ليے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کیمپوں، مرکزی آفس 365 ایم ماڈل ٹاؤن لاہور یا ای میل info@welfare.org.pk پر رجسٹریشن کرائیں۔ شيخ زاہد فياض نے مزيد کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیئے 2 کروڑ روپے سے امدادي مہم شروع کي تھي۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے سیلاب متاثرين کے ليے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کي فلاحی سرگرمیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شيخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق پورے ملک میں 10 ہزارسے زائد کارکنان امدادي سرگرميوں ميں مصروف ہيں۔ منہاج ويلفیئر فاؤنڈيشن نے 15 ہزار سے زائد متاثرہ خاندانوں کی مدد کی ہے۔ 5000 افراد منہاج خیمہ بستیوں اور امدادی کیمپس میں مقیم ہیں۔

سيلاب متاثرين کي بحالي کے ليے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اب تک ایک کروڑ روپے خرچ کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوشہرہ میں ايک ہزار سے زائد متاثرین کي رہائش کے ليے وسیع منہاج خیمہ بستی قائم کی گئی ہے، جہاں متاثرہ افراد کو تمام رہائشی سہولیات دی جارہی ہیں۔ خيمہ بستي ميں مقيم متاثرين کو تين اوقات کا بہترين کھانا فراہم کيا جا رہا ہے۔ متاثرين کے ليے پينے کے صاف اور منرل واٹر کا پلانٹ بھی کام کر رہا ہے۔

صوابی، چارسدہ اور مردان میں امدادی کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔ عیسیٰ خیل، میانوالی کے علاقے ترگ شریف میں کالا باغ کے متاثرین کیلئے 10 بڑے رہائشی کیمپوں میں 2500 متاثرین یتیم ہیں جنکو کھانے پینے کے علاوہ تمام رہائشی سہولیات حاصل ہیں۔ لیہ، کروڑ لعل عیسن، راجن پور، روجھان، کشمور، گڈو کے علاقوں میں بھی منہاج ويلفیئر فاؤنڈيشن کي امدادی سرگرمياں جاري ہيں۔

روجھان کے متاثرین کے لیے راجن پور میں امدادی کیمپس اور خیمہ بستیاں بھي لگائی گئی ہیں۔ بلوچستان ميں نصیر آباد، سبی، لٹری و گردونواح کے متاثرین کو بڑے پيمانے پر امدادی سامان اور خوراک مہيا کي گئي ہے۔ متاثرين کو اب تک 5 ہزار سے زائد خيمے بھي مہيا کيے گئے ہيں۔

متاثرہ علاقوں میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈيشن کي ایمبولینس سروس اور میڈیکل کیمپس بھی کام کر رہے ہيں، جہاں ماہر ڈاکٹرز دن رات متاثرين کا علاج کر رہے ہيں۔

افتخار شاہ بخاری نے بتایا کہ حالیہ بارشوں میں کشمیر سے سندھ کے علاقوں تک اسکول کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن درجنوں اسکولوں کی ان عمارتوں کو بھی مرمت و دوبارہ تعمیر کریگی۔

انہوں نے کہا کے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا 25 ٹرکوں پر امدادی قافلہ نوشہرہ و گردونواح، پنجاب اور سندھ کے مختلف متاثرہ علاقوں میں 13 اگست 2010ء کو لاہور سے روانہ کیا جائے گا۔ اس قافلہ کو "امدادی کارواں" کا نام دیا گیا ہے۔ مریدکے، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، سرائے عالمگیر، دینہ، راولپنڈی اور اسلام آباد سے بھی امدادی ٹرکوں کے قافلے اس کاررواں ميں شامل ہوں گے۔

اس موقع پر انہوں نے اعلان کيا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی قائدین اس بار نوشہرہ میں یوم آزادی متاثرین سیلاب کے منائیں گے۔ 14 اگست کو کینٹ نوشہرہ میں ايک ہزار متاثرہ افراد کي منہاج خیمہ بستی ميں یوم آزادی کی ایک بڑی تقریب منعقد ہو گي۔ اس تقريب کي صدارت تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کریں گے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں مصیبت زدہ بہن، بھائیوں کے ساتھ قومي جذبے کے تحت والہانہ محبت کا اظہار اور یکجہتی کا مظاہرہ کيا جائے گا۔ اس تقريب ميں شرکاء من حیث القوم اجتماعی عذاب الٰہی سے نجات پانے کے لیے استغفار اور آیت کریمہ کا ورد بھی کریں گے۔

پريس کانفرنس کے اختتام پر سيد افتخار شاہ بخاري نے قوم سے اپیل کی کہ 15 کروڑ عوام ان 2 کروڑ متاثرہ اور مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کو آگے بڑھيں۔ جس طرح لوگوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی کال پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ساتھ دیا ہے اس پر ہم قوم کے شکر گزار ہیں۔ آخر ميں انہوں نے بتايا کہ سيلاب متاثرين کي مدد کرنے کے ليے اکاؤنٹ نمبر 01970013529303 حبیب بینک میں عطیات جمع کراسکتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top