منہاج یوتھ لیگ برلن نے یوم پاکستان سادگی سے منایا

مورخہ: 25 اگست 2010ء

جرمنی (MCB یورپ) ملک پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر منہاج یوتھ لیگ برلن نے یوم آزادی بڑے سادہ طریقے سے منایا اور ساتھ ہی اپنے ہم وطنوں سے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے امداد کی اپیل کی۔ پروگرام کا آغاز شائق اشتیاق نے تلاوت کلام مجید سے کیا اس کے بعد منہاج یوتھ لیگ برلن کے محمد علی ارشاد، خوشنود احمد اور عقیل احمد نے ہدیہ نعت پیش کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض منہاج یوتھ لیگ برلن کے صدر محمد شعیب ارشاد نے ادا کئے۔

منہاج یوتھ لیگ کے صدر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور یوم آزادی کے موقع پر مفکر پاکستان ڈاکٹر محمد اقبال اور بانی پاکستان محمد علی جناح کے زریں اقوال اور اصولوں پر عمل کرنے کی دعوت دی تاکہ پاکستان ترقی کی منزلیں طے کر کے دنیا میں ممتاز مقام حاصل کرسکے۔ منہاج یوتھ لیگ کے کارکن شاہ زیب احمد نے یوم پاکستان سے متعلق اردو میں اپنے خیالات کا اظہار کیا جسے مہمانوں نے بے حد سراہا، تقریب میں برلن کی مجلس شوریٰ کے صدر (سابق صدر پاکستان عوامی تحریک برلن) اور منہاج میڈیا کوآرڈینیشن بیورو MCB یورپ کے سرپرست اور پاکستان عوامی تحریک یورپ کے چیف کوآرڈینیٹر محمد شکیل چغتائی کے بچوں پرنس محمد ارسلان چغتائی، پرنس ملیحہ شکیل چغتائی، پرنس محمد ارمغان چغتائی، پرنس محمد برہان چغتائی، پرنس فصیحہ شکیل چغتائی اور پرنس محمد ایربکان چغتائی نے ملی نغمہ پیش کر کے سامعین سے خوب داد حاصل کی۔ منہاج یوتھ لیگ کے نعمان رسول نے مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی شخصیت پر جرمن زبان میں گفتو کی، منہاج یوتھ لیگ کے کارکن خوشنود احمد نے پاکستان کے بارے میں انگریزی زبان میں بڑے پر جوش انداز میں تقریر کر کے مہمانوں سے بھر پور داد وصول کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے جنرل سیکرٹری محمد ارشاد اور منہاج یوتھ لیگ کے بچوں نے مل کر ملی نغمہ پیش کیا، منہاج یوتھ لیگ کی ایگزیکٹو کے ممبر وجاہت علی تاڑر نے تحریک پاکستان کے حوالہ سے اردو زبان میں تقریر کی اور پاکستان کے قیام کے لئے ہمارے راہنماؤں اور ہم وطنوں کی جدوجہد پر روشنی ڈالی جس کی وجہ سے ہمیں ایک ملک پاکستان کی شکل میں ملا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے صدر فیض احمد نے اختتامی کلمات میں مہمانوں کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا اور والدین سے درخواست کی کہ وہ دیار غیر میں اپنے بچوں کی تربیت کا انتظام کریں جس کے لئے انہوں نے منہاج القرآن برلن کی خدمات پیش کیں تاکہ بچے یہاں پر معاشرہ میں اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک اچھے شہری کی طرح زندگی گزار سکیں۔ منہاج القرآن کے سرگرم ساتھی میاں عمران الحق نے دعا کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے محفل میں ایک خاص قسم کا ذوق پیدا کیا۔

پروگرام کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کی جامع مسجد کے خطیب و امام علامہ حافظ طارق علی نے پاکستان کے استحکام کے لئے دعا فرمائی اور سیلاب کی تباہ کاریوں میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔ آخرمیں مہمانوں کی افطاری کرائی گئی ۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top