لودھراں میں دروس عرفان القرآن کی تیسری نشست

مورخہ: 25 اگست 2010ء

اسلام روز اول سے ہی انسانی حقوق کا محافظ ہے۔ تکریم آدمیت کا حکم اللہ رب العزت نے تخلیق آدم کے وقت ہی جاری کر دیا تھا۔ مغرب آج انسانی حقوق کا چیمپیئن بننے کی کوشش میں ہے حالانکہ اٹھارھویں صدی میں مغرب کو انسانی حقوق کا ہوش آیا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز ملک نے ہفت روزہ دروس عرفان القرآن کی تیسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حیات ظاہری میں قدم رکھتے ہی اپنی امت کی مغفرت کی دعا اللہ سے مانگ کر عظیم محسن انسانیت ہونے کا ثبوت پیش کیا۔ قرآن کا سارا موضوع انسان کے گرد گھومتا ہے اور صاحب قرآن کی حیات مبارکہ نہ صرف انسانوں کے حقوق کی سربلندی سے مزین ہے بلکہ چرند پرند، حیوانات و نباتات اور جمادات تک کے حقوق کا تعین بھی آپ نے فرما دیا ہے۔

علامہ اعجاز ملک نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے یتیم ہو جانے والے 500 بچوں کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی آغوش میں لینے کا اعلان کیا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے تین کروڑ روپے کے فنڈ کا اعلان کیا ہے۔ یاد رہے آج کل ملک بھر میں تحریک منہاج القرآن کے دروس عرفان القرآن جاری ہیں۔ جہاں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کے شاگرد مختلف موضوعات پر اصلاحی درس دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اس وقت دنیا بھر میں بلا امتیاز رنگ و نسل انسانیت کی سر بلندی کے لئے اسلام کی حقانیت کو عام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ہزاروں خواتین و حضرات کے جمع غفیر نے درس عرفان القرآن میں شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران ملک اسلم حماد، رانا محمد ظاہر، اظہر لنگاہ، چوہدری غفار سنبل، حاجی عزیز بھٹی اور ملک سلطان کے علاوہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے کارکنان نے شاندار انتظامات کیے۔

پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top