شہر اعتکاف میں آنیوالے ہزاروں معتکفین رضا کار بن کر آج سے سیلاب زدہ علاقوں کو روانہ ہوں گے

مورخہ: 30 اگست 2010ء

سیلاب زدگان کی مدد کیلئے لاہو ر میں ہونیوالے ٹریننگ کیمپ میں سینکڑوں رضا کاران شرکت کریں گے

20 سال سے مسلسل ہونیوالے "شہر اعتکاف" کی منسوخی کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت پر اعتکاف کیلئے آنیوالے ہزاروں معتکفین رضا کار بن کر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے متاثرہ علاقوں کو آج روانہ ہوں گے۔ لاہور، فیصل آباد، کراچی، ملتان، راولپنڈی، اور ایبٹ آباد میں آج ہونیوالے ایک روزہ ٹریننگ کیمپس میں شمولیت کے بعد یہ رضا کاران متاثرہ علاقوں کو روانہ ہوجائینگے۔ آج لاہور میں ہونیوالے ٹریننگ کیمپ میں سینکڑوں رضا کاران شرکت کریں گے۔ رضاکاران رمضان کا آخری عشرہ اور عید کا دن متاثرین سیلاب کے ساتھ ان کا خدمت گار بن کر گزاریں گے اور اپنی جیب سے ان پر خرچ کرینگے۔ منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کی طرف سے جانیوالے امدادی سامان کی خیمہ بستیوں اور کیمپوں میں تقسیم کے عمل کو موثر اور منظم کرنے میں یہ رضا کاران کلیدی کردار ادا کریں گے۔ یاد رہے کہ پچھلے دنوں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گزشتہ 20 سالوں سے بسنے والے شہر اعتکاف کو سیلاب زدگان کی مدد کیلئے منسوخ کر کے اس پر آنیوالے تین کروڑ کے اخراجات کو سیلاب زدگان کی مدد کیلئے مختص کیا ہے اور معتکفین، تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں اور عہدیداران کو عید کے دوسرے دن تک متاثرین سیلاب زدگان کے خادم بن کر گزارنے کا حکم دیا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ریلیف سرگرمیوں کو تیز تر کرنے میں رضا کاران اہم کردار ادا کریں گے۔ پورے ملک میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیش کے تحت لگائے گئے ریلیف کیمپوں سے امدادی سامان کے ٹرک متاثرہ علاقوں میں جا رہے ہیں اور خیمہ بستیوں میں آباد خاندانوں کی کفالت کا عمل منظم طریقے سے چلایا جا رہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top