منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری کی پشاور میں پریس کلب کو بریفنگ
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے متاثرین سیلاب کے500 یتیم اور بے سہارا بچوں کی مکمل کفالت اور تعلیم و تربیت کے لیئے آرفن ہوم آغوش میں لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ بات منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے پشاور پریس کلب میں دوران پریس کانفرنس بتائی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی کوآرڈینیٹر میاں افتخاراحمد، صوبائی نائب امیر تحریک منہاج القرآن پروفیسر بخت زمان، صوبائی کوآرڈینیٹر ویلفیئر آفیسر نازیہ مجاہد، میڈیا کوآرڈینیٹر زرشاد انجم و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
افتخار شاہ بخاری کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت یتیم اور بے سہارا بچوں کا ادارہ آغوش جس کی ملک بھر میں شاخیں قائم ہوئی ہیں متاثرہ سیلاب کے وہ علاقوں میں بچے جن کے والدین سیلاب کی نذر ہوگئے ہیں اور دنیا میں نہیں رہے ہیں ان بچوں کی یونیورسٹی تک مکمل تعلیم و تربیت اور ان کی مکمل کفالت تک کا اہتمام منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کرے گی اور ان کی شادی کے اخراجات تک کی ذمہ داری منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کرے گی۔ افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ اب تک ملک بھر میں گزشتہ 25 روز سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر 12 ہزار سے زائد کارکنان سیلاب ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں اب تک 10300 خاندانوں کو منہاج خیمہ بستیوں اور ریلف کیمپوں میں ٹھہرایا جا چکا ہے جس کی تفصیل درج ذیل ہے۔
منہاج خیمہ بستی نوشہرہ میں ایک ہزار افراد، جبکہ کالا باغ کے متاثرین کے لیے عیسیٰ خیل اور ترگ شریف میں 10 بڑے کیمپ بنائے گئے ہیں جس میں 1700 سے زائد افراد مقیم ہیں۔ کروڑ لال عیسن اور لیہ میں 7 بڑے کیمپوں میں 1000، افروجھان، فاضل پور اور راجن پور کے متاثرین کے لیے 20 کیمپوں اور منہاج خیمہ بستیوں میں 3500 افراد ٹھہرائے گئے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور بھکر کے 15 امدادی کیمپوں میں 700 افراد مقیم ہیں۔ بلوچستان کے نصیر آباد، بختیار آباد، سبی، تلی، لیٹری کے 13 متاثر گاؤں کے 1400 افراد کو منہاج خیمہ بستی میں ٹھہرایا گیا ہے۔ گڈو کشمور میں بھی امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں جس میں 500 افراد مقیم ہیں جبکہ 500 افراد کے لیئے امدادی کیمپ کوٹ مٹھن میں بنایا گیا ہے۔
افتخارشاہ بخاری نے کہا کہ ان تمام کیمپوں میں 3000 سے زائد افراد کو میڈیکل کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اور تمام افراد کو مکمل ضروریات زندگی کا سامان فراہم کیا جارہا ہے۔ سحری اور افطاری کا اہتمام بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کر رہی ہے۔ متاثرین علاقوں کے 10 شہروں میں ایمبولینس سروس بھی فراہم کی گئی ہے۔ افتخار شاہ بخاری نے مزید بتایا کہ اب تک ملک بھر میں 250 مقامات پر متاثرین سیلاب زدگان کی مدد کے لیے امدادی سامان کے حصول کیلئے کیمپ لگائی گئے ہیں جہاں امدادی سامان مخیر حضرات کے تعاون سے جمع کیا جارہا ہیاور تنظیمات کی مدد سے متاثرین کو فراہم کیا جارہا ہے۔
افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کال پر بیرون ملک تنظیمات یوکے۔ برمنگھم، ناروے، فرانس ٹورانٹو سمیت درجنوں ممالک کے کارکنان متاثرین سیلاب کے لیے عطیات جمع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب سے 2 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں لیکن وفاقی و صوبائی حکومتوں اور حکومتی ادارے بے حسی اور بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں حکومت اربوں روپے ان متاثرین کے نام پر حاصل کر رہی ہیں لیکن متاثرین کی بحالی پر حکومتوں نے5 فیصد رقوم بھی نہیں لگائیں۔ بلکہ متاثرین کے نام پر فنڈز جمع کر کے اپنے خزانوں کو بھرا جارہا ہے۔
افتخار شاہ بخاری نے بتایا کہ یوم آزادی کی تقریب منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی عہدیداران نے نوشہرہ میں اپنے متاثرہ بھائیوں کے ساتھ منائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے اب تک 2 اگست کو 8 ٹرکوں کا قافلہ بھیجا گیا جبکہ 13 اگست کو 10 ٹرکوں کا قافلہ نوشہرہ، چارسدہ اور سوات کے لیئے بھیجا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 5 ٹرکوں کا قافلہ میانوالی و گرد و نواح کے لیے بھی بھیجا گیا جبکہ 5 ٹرکوں کا قافلہ بلوچستان کے لئے اور 3 ٹرکوں کا قافلہ سندھ کے لئے بھجوایا گیا ہے۔
افتخار شاہ بخاری نے بتایا کہ ضروریات زندگی کی اشیاء میں متاثرین سیلاب کو بڑے مقدار میں خیمے، کمبل، بستر، دریاں، آٹا، دالیں، گھی، چاول، چینی اور صاف پانی درکار ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کال پر متاثرین سیلاب کی بحالی پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ساتھ دینے پر اور قوم کا بھر پور اعتماد کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا۔
تبصرہ