منہاج ویمن لیگ کے زیراہتمام سیدہ کائنات کانفرنس 2010ء اور عرفان القرآن کورس کی اختتامی تقریب

مورخہ: 15 اگست 2010ء

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سمبٹریال میں سیدہ کائنات کانفرنس 2010ء اور عرفان القرآن کورس کی اختتامی تقریب 15 اگست 2010ء کو منعقد ہوئی۔ میگا تقریب میں مرکز کی جانب سے نائب ناظمہ ویمن لیگ محترمہ ساجدہ صادق نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں میں علاقہ بھر سے ہر شعبہء زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بھی شرکت کی۔

پروقار تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد طالبات نے نعت مبارکہ اور سیدہ کائنات کی شان میں منقبت پیش کی۔

محترمہ ساجدہ صادق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر کے تمام مسائل کا حل صرف تعلیمات قرآنی میں ہی مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا عروج واپس چاہتی ہے تو اسے قرآن کی تعلیمات کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام گزشتہ چند سالوں سے سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ تعالی عنہا کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے سیدہ کائنات کانفرنس باقاعدگی سے منعقد کی جا رہی ہے۔ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزھرا رضی اللہ تعالی عنہا قرآنی تعلیمات کا مجسم نمونہ تھیں۔ آپ کے اخلاق و کردار اور سیرت پاک سے قرآن کی محبت جھلکتی تھی۔ آپ نے ساری زندگی اسلام کے وضع کردہ اصولوں کے مطابق گزاری۔ آپ نے ایثار و قربانی، وفا و رضا، صبر و استقامت، جود و سخا اور محبت و اطاعت گزاری کا پیکر اتم تھیں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ خواتین کو سیدہ کائنات کی سیرت کا عملی پیغام دے رہی ہے۔ آج وقت ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم سیدہ کائنات کے کردار میں خود کو ڈھالتے ہوئے سر تا پا ایثار و قربانی کا مظہر بن جائیں۔ آج ملک و قوم نے ہمیں پکارا ہے۔ ہمیں مٹی کا قرض چکانا ہو گا اور اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی امداد کے لئے اپنا تن من دھن صرف کرنا ہو گا۔

تقریب میں محترمہ ساجدہ صادق کے خطاب کے فوری بعد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی امدادی کاروائیوں پر مشتمل ویڈیو CD پروجیکٹر پر دکھائی گئی۔ اس کے بعد عرفان القرآن کورس میں کامیاب قرار دی جانے طالبات کو اسناد دی گئیں۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

رپورٹ : صدف اقبال

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top