قائدین تحریک منہاج القرآن نے عید سیلاب متاثرین کے ساتھ گزار کر ان کا غم ہلکا کرنے کی عملی کاوش کی ہے : ساجد محمود بھٹی

منہاج میڈیکل کیمپ تمام متاثرین کی گھروں کو واپسی تک طبی سہولیات فراہم کرتے رہے گے

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین، رضا کاران اور منہاج میڈیکل ریلیف کمیٹی کے ممبران اور میڈیکل ٹیموں نے عید کی چھٹیوں کے دوران بھی امدادی سرگرمیوں کو عملی طور پر جاری رکھتے ہوئے لاڑکانہ، سندھ، شکار پور، راجن پور، میانوالی اور نوشہرہ میں قائم منہاج خیمہ بستیوں میں موجود متاثرین سیلاب میں امدادی سامان اور بچوں میں عید گفٹ تقسیم کئے۔ ساجد محمود بھٹی نائب سربراہ فلڈ ریلیف کمیٹی (منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن) نے ایک بیان میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے عید کا دن سیلاب زدگان کے ساتھ گزار کر ان کا غم ہلکا کرنے کی ایک عملی کاوش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ اور شکار پور میں تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے متاثرین سیلاب کے ساتھ عید منائی جس سے ان کے دکھ بانٹنے کا موقع ملا۔ ساجد محمود بھٹی نے بتایا کہ شیخ زاہد فیاض اورانکے ہمراہ تحریک کے دیگر مرکزی قائدین نے لاڑکانہ اور شکار پور میں موجود منہاج خیمہ بستی کا دورہ کیا اور لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس موقع پرلوگوں میں نقدی اور تحائف تقسیم کئے اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی امداد اور بحالی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ متاثرین کی بحالی کیلئے فاؤنڈیشن اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔ ساجد بھٹی نے کہا کہ منہاج میڈیکل ٹیموں نے عید کی چھٹیوں کے دوران بھی سیلاب زدگان کے علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا اور اس دوران نوشہرہ، لاڑکانہ، شکار پور، میانوالی، بھکراور ڈیرہ جمالی میں ہزاروں متاثرین سیلاب کو طبی امداد فراہم کی اور تاحال یہ سلسلہ جاری ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top