کھلے آسمان اور خیموں میں زندگی گزارنے والوں کی مدد کرنا سب سے بڑی عبادت ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

سیلابی ریلے کے بعد امدادی سرگرمیوں کو لمبے عرصے تک جاری رکھنا ہو گا
خیمہ بستیوں کے ساتھ منہاج خیمہ سکولز بھی بنائے جائیں
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی فلڈ ریلیف کمیٹی کے اجلاس سے کینیڈا سے ٹیلیفونک گفتگو

کھلے آسمان اور خیموں میں زندگی کے دن گزارنے والوں کی مدد کرنا سب سے بڑی عبادت ہے۔ سیلاب نے جس بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے وہ تقاضا کرتی ہے کہ ہر پاکستانی اپنی بساط کے مطابق مال اور وقت کی قربانی دے۔ سیلابی ریلے کے بعد امدادی سرگرمیوں کو لمبے عرصے تک جاری رکھنا ہو گا تاکہ متاثرین کو نارمل زندگی کی طرف لوٹایا جا سکے۔ عید کے تینوں دن سیلاب زدگان کے ساتھ ان کا خادم بن کر گزارنے پر تحریک منہاج القرآن کے ہزاروں ورکرز اور قائدین مبارکباد کے مستحق ہیں مگر ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ان خیالات کا اظہار شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی فلڈ ریلیف کمیٹی کے اجلاس سے کینیڈا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، جی ایم ملک، راجہ جمیل اجمل، افتخار شاہ بخاری، جواد حامد، شاہد لطیف، ساجد بھٹی، قاضی فیض، شمیم نمبردار اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں لگائی جانیوالی خیمہ بستیوں کے مکینوں کی ضرورتوں کا خیال رکھنا منتظمین کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر شاہد لطیف کو خصوصی ہدایات دیں کہ خیمہ بستیوں کے نزدیک منہاج ماڈل سکولز کے سٹاف اور سینئر سٹوڈنٹس خیمہ بستیوں میں منہاج خیمہ سکولز کا آغاز کریں تاکہ متاثرین کے بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی متاثرین کی بحالی کیلئے بڑے پیمانے پر کی جانیوالی امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک انہیں جاری رکھا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top