منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کے زیراہتمام سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں۔ پاکستان میں تاریخ کے بدترین سیلاب میں 2 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ ان علاقوں میں متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کی امدادی سرگرمیوں میں متاثرین کے لیے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے مالیت کے امدادی سامان کے 29 ٹرک متاثرہ علاقوں میں بھیجے گئے۔ یہ ٹرک مظفر گڑھ، لیہ، کروڑ، روجھان، کوٹ سلطان، جھنگ، لعل عیسن اور راجن پور میں متاثرین کو پہنچائے گئے۔ ٹرکوں کے اس قافلہ کی نگرانی تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ناظم انجینئر محمد رفیق نجم نے کی۔

منہاج ویلفیئر فاونڈیشن نے فیصل آباد میں 80 امدادی کیمپ لگائے۔ مرکزی کیمپ دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے میں قائم کیا گیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری نے امدادی کیمپ کی تفصیلات میڈیا کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لیے بھیجے گئے امدادی سامان کے 29 ٹرکوں میں خیمے، بستر، کمبل، کپڑے، آٹا، چینی، چاول، ادویات، دالیں، اچار، چنے، بچوں کے لیے دودھ، مرچ، مصالحہ جات، چائے کی پتی، برتن، پانی کی بوتلیں، جگ و گلاس و دیگر ضروریات زندگی کا سامان شامل ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کے ہزاروں کارکنان سیلاب سے متاثرین کے لیے دن رات ایک کرکے ان کی بحالی کے لیے مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن صوبائی حلقہ 62 کے صدر رانا کرامت علی نے حج پرجانے کا پروگرام منسوخ کرتے ہوئے حج کی ساری رقم سیلاب زدگا ن کے لیے جمع کروادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے بہن بھائیوں بزرگوں اور بچوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اوراپنی بساط کے مطابق امدادی سرگرمیوں کو متاثرین کی بحالی تک جاری رکھیں گے۔

منہاج القرآن فیصل آباد کے نائب امیر حاجی امین القادری، نائب ناظم رانا غضنفر علی، ناظم دعوت خالد محمود رندھاوا، ناظم تربیت پروفیسر محمد عارف صدیقی، ناظم ممبر شپ پروفیسر غلام مرتضیٰ، ناظم امور خواتین اللہ رکھا نعیم القادری، ناظم مالیات پروفیسر ارشد اقبال، ناظم نشر و اشاعت غلام محمد قادری، صدر MSM محمد عرفان آصف، امیر علماء کونسل علامہ عزیزالحسن حسنی اور صدر یوتھ رانا ناصر نوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top