طلبہ اور نوجوانوں کا اسلحہ بندوق نہیں کتاب ہے : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

طلبہ اور نوجوان محبت، امن اور علم کو اپنا مشن بنالیں

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ طلبہ اور نوجوانوں کا اسلحہ بندوق نہیں کتاب ہے طلبہ اپنے ترکش میں علم کے تیر رکھیں کیونکہ اس سے بڑی طاقت دنیا میں کوئی نہیں۔ طلبہ اور نوجوان محبت، امن اور علم کو اپنا مشن بنالیں۔ علم نافع حاصل کریں یہ دنیا و آخرت دونوں میں سرخروئی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو طلبہ علم، عمل اور کردار میں پختگی پیدا کریں گے وہی آسمان عزت پر چمکیں گے۔ وہ لندن سے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام ملک بھر سے آنے والے سینکڑوں نوجوانوں سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر بابر علی سہؤل، امجد جٹ اور دیگر طلبہ رہنما بھی موجود تھے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ طلبہ اپنے من کی دنیا میں امن پیدا کریں جب باطن امن سے معمور ہو جائے گا تو معاشرے میں امن کے رویے پروان چڑھنا شروع ہو جائیں گے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان تقویٰ، عبادت اور اخلاص اختیار کریں۔ امن اور محبت کے کلچر کو معاشرے میں فروغ دینے پر محنت کریں، علم اور عمل میں پختہ ہو جائیں اور محبت کی تلوار سے نفرت کے رویوں کو کچل دیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان وطن عزیز کا سرمایہ ہیں اور کل کا پاکستان آج کے نوجوانوں کے سپرد ہوگا۔ نوجوان قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے علم کے حصول کے ساتھ ساتھ عملی زندگی میں پروفیشنل ازم کے کلچر کو عام کریں۔ جس میدان کو بھی منتخب کریں اس میں کمال حاصل کریں۔ مستقبل ان نوجوانوں کا ہے جو کردار میں پختگی اور علم میں کمال رکھتے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پسے ہوئے مفلوک الحال طبقے کے لیے فلاحی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے میں نوجوان کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top