منہاج خیمہ بستی کوٹلہ نصیر کے 70 سے زائد خاندانوں پر مشتمل 600 افراد اپنے گھروں کو لوٹ گئے

متاثرین کوخیمہ سمیت دو ماہ کا راشن دے کر رخصت کیا گیا، الوداعی تقریب کے موقع پر جذباتی مناظر
مشکل کی ہر گھڑی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنی روایات کو ہمیشہ زندہ رکھے گی :  ارشاد طاہر

سیلاب زدگان کی خدمت پر مامور رضا کاران اور متاثرین دونوں کی آنکھوں میں تیرتے آنسو اس بات کی غمازی کر رہے تھے کہ سیلاب کی زد میں آنیوالے اور بچ جانیوالے دونوں ہی اللہ کے شکرگزار ہیں۔ منہاج خیمہ بستی کوٹلہ نصیر (راجن پور) کی الوداعی تقریب کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے جو ایک زندہ معاشرے کی عکاسی کرتے ہیں۔ رمضان کے آخری عشرہ کے آغاز پر شروع ہونیوالی منہاج خیمہ بستی کوٹلہ نصیر گزشتہ روز ختم کر دی گئی۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کی طرف سے لگائی گئی خیمہ بستی 70 سے زائد خاندانوں کے 600 افراد پر مشتمل تھی، جو اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ متاثرین کو خیمہ سمیت دو ماہ کا راشن دے کر رخصت کیا گیا جبکہ جام پور اور محمد پور میں لگائی گئی خیمہ بستیوں میں متاثرین ابھی تک قیام پذیر ہیں۔ الوداعی تقریب میں تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض، لاہور کے امیر ارشاد طاہر، پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری حافظ فرید، سلطان احمد اور ثنااللہ نے شرکت کی۔ کوٹلہ نصیر میں لگائی گئی خیمہ بستی علاقے کی سب سے بڑی خیمہ بستی تھی جسمیں متاثرین کو واٹر کولر، بجلی اور پنکھے کی سہولت بھی دی گئی تھی۔ خیمہ بستی میں منہاج سکول بھی قائم تھا جسمیں سیلاب زدہ بچوں کی تعلیم کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے کل اور جزو وقتی اساتذہ کا انتظام تھا۔ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد نواز انجم نے کہا کہ فلاح اور تعلیم کے میدان میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بانی قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت پر عمل پیرا ہے۔ منہاج خیمہ بستی میں رہائش پذیر افراد کو ہر ممکن سہولت دی گئی جسے دیکھ کر میرا دل بہت خوش ہوا۔ سیلاب زدہ افراد کی خدمت کر کے منہاج القرآن کے رضا کاران نے اپنے قائد کے احکامات پر عمل کرنے کا کا حق ادا کر دیا ہے۔ امیر لاہور ارشاد طاہر نے کہا کہ متاثرہ افراد کا خادم بننے کی سعادت حاصل کر کے وہ اطمینان ملا ہے جسے بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے حسب روایت مشکل کی اس گھڑی میں جو کردار ادا کیا ہے وہ متاثرہ افراد کے پرسکون چہروں سے عیاں ہے، ہم آئندہ بھی مشکل کی ہر گھڑی میں اپنی اس روایت کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top