لیلۃ القدر کے موقع پر منہاج القرآن اسلامک سنٹر بارسلونا میں شب بیداری

منہاج القرآن اسلامک سنٹر بارسلونا سپین میں مورخہ 5 ستمبر2010ء بروز اتوار (بمطابق26رمضان المبارک) نماز عشاء کے بعد ایک عظیم الشان روحانی و وجدانی محفل منعقد کی گئی جس میں سینکڑوں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔

محفل کے پہلے حصے میں نماز تراویح کی ادائیگی کے بعد ختم قرآن شریف کے سلسلہ میں خیر وبرکت، وطن عزیز پاکستان سے آفات کے خاتمہ اور دین مبین کی سربلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی جس کے اختتام پر تبرک تقسیم کیاگیا، اس موقع پر صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین محمد اقبال چوہدری نے حافظ محمد عابد نقشبدنی(امام) اور حافظ محمد مسعود نقشبندی(سامع) کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی جانب سے خصوصی مبارکباد پیش کی گئی۔

محفل کے دوسرے حصہ کا باقاعدہ آغازحافظ محمد عاطف احتشام نے تلاوت کلام مجید سے کیا ، الحاج قاری عبدالرحمن، حافظ محمد ناصر، حافظ محمد یوسف اور حافظ محمد عاطف نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا، منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے 6معتکفین اور رمضان کے دوران اسلامک سنٹر میں مختلف امور میں خدمات سرانجام دینے والے احباب حاجی نذیر اداسی، حاجی لیاقت علی، چوہدری مقصود حسین اور قمر عباس کو تنظیم کی طرف سے تحائف پیش کئے گئے، تحائف کی تققسیم کے بعد حافظ محمد عابد نقشبندی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کلام باری تعالیٰ اور احادیث نبوی کی روشنی میں لیلۃ القدرکی اہمیت وفضیلت بیان کی۔

خطاب کے اختتام پر باجماعت نماز تسبیح ادا کی گئی جس کے بعد حافظ محمد عابد نقشبندی نے رقت آمیز دعا کرائی جس دوران شرکاء نے دھاڑیں مار مار کر رب ذوالجلال سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کی اور وطن عزیز کی سلامتی و خاتمہ آفات کے لئے دعا مانگی، انفرادی عبادات کے بعد تمام حاضرین کے لئے سحری کا انتظام موجود تھا۔ محفل میں انتظام وانصرام کی ذمہ داری منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں نے احسن انداز میں ادا کی۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top