تحریک منہاج القرآن ڈسکہ کی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیاں

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کی روشنی میں متاثرین سیلاب کی خدمت کے لیے تحریک منہاج القرآن ڈسکہ کے عہدیداران و کارکنان کے وفد نے مظفر گڑھ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت تحریک منہاج القرآن ڈسکہ کے صدر محمد اسلم قادری اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے صدر چوہدری عباس احمد گھمن نے کی جبکہ صفدر علی بٹ، محمد ناصر قادری، راشد رفیق، سجاد احمد، ظہیر احمد، شمس اقبال، ریاض قادری اور اللہ دتہ وفد میں شامل تھے۔

متاثرین سیلاب کے لیے ٹرکوں کا قافلہ بھی وفد کے ساتھ تھا، حاجی محمد سلیم سلہری کوآرڈینیٹر حلقہ درود نے خصوصی دعا کے ساتھ ٹرکوں کے امدادی قافلے کو متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا۔ سیلاب زدگان کے لیے ٹرکوں میں 30 لاکھ روپے مالیت کے امدادی سامان میں چاول، چینی، آٹا، دودھ، پانی، جوس، چائے کی پتی، بسکٹ، میڈیسن، پلاسٹک کے برتن، بچوں کیلئے کپڑے، کھلونے اورعید گفٹ پیکج بھی موجود تھے۔

اس موقع پر حاجی محمد سلیم سلہری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے حکم پر ملک بھر کے دیگر کارکنان کی طرح ڈسکہ کے کارکن بھی اپنا گھر بار چھوڑ کر سیلاب زدگان کے ساتھ عید منانے کیلئے جارہے ہیں۔

منہاج القرآن کا امدادی قافلہ مظفرگڑھ پہنچ کر تین حصوں میں تقسیم ہوگیا۔ ایک قافلہ جتوئی، دوسرا قافلہ علی پور اور تیسرے قافلہ نے ڈیرہ غازی خان میں جا کر اپنی خدمات سرانجام دیں۔ تحریک منہاج القرآن ڈسکہ کے کارکنوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جا کر ان کے گھروں میں راشن تقسیم کیا اور متاثرہ خاندانوں کو میڈیسن بھی دی گئیں۔

شیخ الاسلام کے حکم پر کارکنان کا امدادی قافلہ 24 رمضان المبارک کو ڈسکہ سے روانہ ہوا اور انہوں نے متاثرہ علاقوں میں سیلاب زدگان کے ساتھ عید الفطر گزاری۔ ڈسکہ کی شہری، سیاسی، فلاحی اور مذہبی تنظیموں نے تحریک منہاج القرآن کے اس کام کو بہت سراہا۔ آخر میں صفدر علی بٹ اور سرپرست منہاج القرآن علماء کونسل حاجی محمد شریف منڈ نے تحریک منہاج القرآن ڈسکہ کی تمام تنظیمات کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top