تحریک منہاج القرآن ڈسکہ کے زیراہتمام بابا فرید الدین گنج شکر کے مزار پر حملے کیخلاف مذمتی ریلی

تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ کے زیراہتمام 27 اکتوبر 2010ء کو حضرت بابا فرید الدین گنج شکر (رح) کے مزار اقدس پر ہو نے والے حملے کیخلاف مذمتی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں تحصیل ڈسکہ سے منہاج القرآن کے کارکنوں کے علاوہ عوام نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی بنگلہ چوک سے شروع ہو کر میلاد چوک میں ختم ہو ئی۔ ریلی کی قیادت سرپرست تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ عبد الرحمن بھٹی نے کی۔

تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ کے صدر محمد اسلم قادری نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ نے ساری زندگی لوگوں کو امن کا درس دیا، ان میں سے بابا فرید الدین بھی شامل تھے۔ ان کی ساری زندگی لوگوں میں محبتیں بانٹتے ہوئے گزری۔ آج دہشت گرد ان کے مزار پر حملہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو مسلمان کہنا تو دور کی بات انہیں انسان ماننا بھی انسانیت کی توہین ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے دہشت گردی کے خلاف 6 سو صفحات پر مشتمل فتوی دے کر پوری انسانیت کو اسلام کا پیغام امن دیا ہے۔ شیخ الاسلام اور تحریک منہاج القرآن کے عملی اقدامات اس بات کے مظہر ہیں کہ آج تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔

ریلی کے آخر میں محمد اسلم قادری نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بابا فرید اور دیگر اولیاء اللہ کے مزارات پر حملہ کرنے والے دہشت گرد عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ تاکہ لوگوں کو پتا چلے کہ ان کا کس مذہب اور مسلک سے تعلق ہے۔

ریلی میں عبد الرحمن بھٹی ناروے والے نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہی امن کا گہوارہ ہے۔ جو لوگ دہشت گردی میں ملوث ہیں، ان کا اسلام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

ڈسکہ میں حلقہ درود کے کوآرڈینیٹر حاجی محمد سلیم سلہری اور ناظم تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ اللہ رکھا قادری نے مشترکہ طور پر دہشت گردی کے خلاف قرار داد پیش کی جسے تمام شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

ریلی میں صفدر علی بٹ، یوتھ لیگ کے صدر زاہد چوہان نے کہا کہ مزار بابا ئے فرید رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ پر ہونے والے دھماکوں کے ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ آخر میں حاجی محمد نواز چیمہ نے شہدائے بابا فرید رحمۃ اللہ علیہ اور حضور داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے لئے دعائے مغفرت کروائی۔

رپورٹ : صفدر علی بٹ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top