نظامت تربیت کے زیراہتمام کراچی میں آئیں دین سیکھیں کورسز کا اجراء

تحریک منہاج القرآن کی مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام رفقاء و وابستگان کی علمی تربیت کیلئے ملک بھر میں "آئیں دین سیکھیں" کورسز کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے "آئین دین سیکھیں" کورسز میں معلمین کی تیاری اور کراچی میں کورسز کے انعقاد کے لیے 24 اکتوبر 2010ء کو ایک روزہ تربیتی کیمپ کراچی میں منعقد کیا گیا۔

کیمپ میں منہاج القرآن کراچی کے ڈویژنل قائدین امیر تحریک منہاج القرآن کراچی سید ظفر اقبال، نائب امیر تحریک قیصر اقبال قادری، ناظم تحریک کامران محمود، ناظم تربیت عطا محمد فہیم، منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر محترمہ پروین مصطفوی اور ناظمہ محترمہ فوزیہ شوکت نے بھی خصوصی شرکت کی۔

کیمپ میں شرکت کیلئے مرکز سے ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی اور ناظم عرفان القرآن کورسز محمد شریف کمالوی 23 اکتوبر 2010ء کو رات 9 بجے کراچی ائیر پورٹ پر پہنچے، جہاں کارکنان نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

مورخہ 24 اکتوبر 2010ء کو صبح 9 بجے کیمپ کی رجسٹریشن کا آغاز ہوا۔ گذشتہ کئی ماہ سے کراچی کے کشیدہ حالات کے باوجود کیمپ میں 230 سے زائد معلمین ومعلمات نے شرکت کی۔ کیمپ میں خواتین شرکاء کی تعداد مردوں سے زیادہ تھی۔ کراچی کے تمام ٹاؤنز سے مردوں اور عورتوں کی نمائندگی موجود تھی۔ 10 بجے کیمپ کی باقاعدہ کاروائی کا آغاز تلاوت کلام سے ہوا۔ جس کے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی پڑھی گئی۔ علامہ غلام مرتضیٰ علوی ناظم تربیت نے کیمپ کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔

اس کے بعد کیمپ کے تمام شرکاء کو "فضیلت علم" کے موضوع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویڈیو خطاب دکھایا گیا۔ محمد شریف کمالوی نے شرکاء کو نظامت دعوت کے زیر اہتمام جاری عرفان القرآن کورسز پر تعارفی لیکچر دیا۔ شرکاء نے عرفان القرآن کورس اور محمد شریف کمالوی کے طریقہ تدریس کو بہت پسند کیا۔
محمد شریف کمالوی نے تمام معلمین ومعلمات کو طریقہ تدریس پر لیکچر بھی دیا۔ جس میں انہوں نے نصاب تربیت کی تدریس کا آسان فہم طریقہ کار بھی بتایا۔

علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے "آئیں دین سیکھیں" کورس کے حوالے سے شرکاء کو بتایا کہ کورس 3 دن کے مختصر دورانئے پر مشتمل ہے۔ تمام رفقاء، کارکنان، عہدیداران اور قائدین پر لازم ہے کہ وہ بنیادی دینی تعلیمات کے حصول کیلئے اس کورس میں شریک ہوں۔ کیمپ میں نماز ظہر و ظہرانہ کا وقفہ کیا گیا۔

کیمپ کی دوسری نشست میں محمد شریف کمالوی نے شرکاء کو نصاب تربیت پڑھائی۔ آخر میں علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے معلمین اور معلمات سے الگ الگ میٹنگ کی۔ جس میں شرکاء کے ٹاؤنز میں کورسز کے آغاز کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔

کیمپ کے اختتام پر محترم سید ظفراقبال امیر تحریک کراچی اور قیصر اقبال قادری نائب امیر تحریک کراچی نے مرکزی قائدین کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب کیمپ پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے قائدین کو یقین دہانی کروائی کہ ان شاء اللہ کراچی میں"آئیں دین سیکھیں" اور "عرفان القرآن" کورسز کا جلد از جلد آغاز کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر باہمی مشاورت سے عطا محمد فہیم کو کراچی ڈویژن میں کورسز کا سربراہ اور مفتی مکرم (منہاجین) کو سیکرٹری نامزد کیا گیا۔ کیمپ کا اختتام عطا محمد فہیم کے دعائیہ کلمات سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top