پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کا عہد کرے : افتخار شاہ بخاری

سیلاب زدگان کے لیے بیرونی امداد کی صوبوں و ضلعوں میں منصفانہ تقسیم ہونا چاہیے
2005ء کے زلزلے اور حالیہ سیلاب ریلیف میں قوم، میڈیا اور افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے
تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام سیمینار سے مقررین کا اظہار خیال

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے کہا ہے کہ 2005ء کے زلزلے اور حالیہ سیلاب ریلیف میں قوم، میڈیا اور افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کا عہد کرے۔ ملکی استحکام کے لیے سیلاب زدگان کی بحالی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں دہشت گردی اور کرپشن جیسے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے نجات کے لیے اب تک منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت کروڑوں روپے کا امدادی سامان متاثرہ علاقوں کو بھجوایا جاچکا ہے۔ وہ گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ایک سیمینار بعنوان ’’سیلاب کی تباہ کاریاں اور سیلاب زدگان کی بحالی‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ مرکزی امیر تحریک فیض الرحمن درانی نے پروگرام کی صدارت کی۔

سیمینار سے تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بقاء کے لیے سیلا ب زدگان کی بحالی ضروری ہے۔ سیلاب زدگان کے لیے بیرونی امداد کی صوبوں و ضلعوں میں منصفانہ تقسیم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سیلاب ریلیف گرانٹ کی تقسیم میں صوبوں کا اعتماد و شرکت ملکی استحکام کا باعث بنے گی۔

سیمینار سے نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع و استحکام کے لیے آزاد عدلیہ و خود مختار پارلیمنٹ کی ضرورت ہے۔ پولیس اور سرکاری محکموں کو بھی خود مختاری دی جائے۔ ملکی استحکام و بقا کے لیے پارلیمانی پارٹیاں اور اراکین اسمبلی ریاستی اداروں کو محکوم بنانے کی روش ترک کر دیں۔

آخر میں فیض الرحمن درانی نے اپنے صدارتی خطاب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوم عالم اور پاکستانی قوم کے اعتماد کی بحالی کے لیے زلزلہ و سیلاب ریلیف کی آمدن و اخراجات کی تفصیلات باقاعدگی سے ویب سائٹس پر جاری کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب ریلیف فنڈ کے استعمال کا مربوط آڈٹ اقوم عالم اور پاکستانی قوم کا حکومت پراعتماد بحال کرسکتاہے۔ سیمینار سے بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، احمد نواز انجم، رانا محمد ادریس، عاقل ملک، جواد حامد اور غلام مرتضٰی علوی نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top