بزرگان دین کے مزارات مقدسہ پر دھماکے کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے : شیخ زاہد فیاض

بابا فرید گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ و دیگربزرگان دین کے مزارات پر دھماکے کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے بلکہ یہ وہ ملک دشمن عناصر ہیں جو ملک و قوم کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ مین منعقدہ سیمینار بعنوان "دفاع شان اولیاء" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان سمیت پوری دنیا میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام جمعۃ المبارک کو" دفاع شان اولیاء" کے طور پر منایا گیا ہے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے سرکاری تنصیبات، عوامی مقامات، سیکیورٹی فورسز، تعلیمی اداروں اور مساجد کے بعد مزارات کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے جو ایک حیوانی فعل ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے، وہ یقینا ایک گمراہ گروہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مزارات اسلاف کی نشانیاں ہیں حکومت ان کے تحفظ اور احترام کو یقینی بنائے۔ آئندہ مزارات کے تقدس کو پامال کرنے کی کسی بھی کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ دہشت گرد مقدس مقامات کو ٹارگٹ کر کے مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ایسے حالات میں علماء کرام پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ایسی گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں مؤثر اقدامات کریں صرف روایتی بیانات، کمیٹیاں بنانے اور رپورٹیں طلب کرنے سے کچھ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی اور صوبائی سطح پر علمائے کرام اور مشائخ عظام کی مشاورت سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز تو پہلے ہی ہوشرباء مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور متاثرین سیلاب کی بحالی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ ان حالات میں اس طرح کے ناخوشگوار اور اندوہناک واقعات عوامی اضطراب میں اضافہ کر رہے ہیں۔ سیمینار سے سید فرحت حسین شاہ، علامہ آصف اکبر میر، علامہ محمد حسین آزاد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top