منہاج القرآن انٹرنیشنل نیکیا (یونان) میں ایصال ثواب کی عظیم الشان محفل

منہاج القرآن انٹرنیشنل نیکیا (یونان) میں مورخہ 6 نومبر 2010 بروز ہفتہ کو اٹلی سے آئے نوجوان امتیاز احمد اور ایتھنز سے عثمان احمد اور مدثر کے چچا محمد یونس مرحوم کی بخشش کے لئے ایصال ثواب کی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ محمد یونس پاکستان کے علاقہ کوٹلہ سے تعلق رکھتے تھے اور گذشتہ دنوں بیمار ہونے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جاملے جن کی ڈیڈ باڈی جمعرات کو پاکستان پہنچی اور انہیں آبائی علاقہ میں دفن کر دیاگیا۔

ایصال ثواب کی محفل میں ان سے محبت اور عقیدت رکھنے والے دوست احباب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظ سرفراز احمد نے حاصل کی جبکہ مظہر اقبال، ثناء اللہ پانی پتی، تقی شاہ اور محمد بشارت قادری نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ نقابت کے فرائض ناظم مرکز نیکیا ظفر اقبال اعوان نے سرانجام دیئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر مرکز نیکیا صوفی عبید اللہ چشتی فکر آخرت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت قرآن حکیم میں فرماتا ہے کہ ہر جاندار نے موت کا مزہ چکھنا ہے۔ یہاں کی زندگی عارضی ہے۔ اللہ رب العزت سورہ ملک میں موت کا ذکر کرتے ہوئے فرماتا ہے کہ اے بندے تجھے زندگی یہاں کوٹھیوں، بنگلوں، کاروں یا باغات کے لئے نہیں دی گئی بلکہ یہ چیزیں اور اولاد تیرے لئے آزمائش ہے۔ جو اس آزمائش میں نیک اعمال لے کر واپس آئے گا وہ کامیاب ہوگا اس لئے زندگی کو غنیمت جانتے ہوئے موت کا وقت آنے سے پہلے اعمال صالح کر لیں۔ تقریب کے اختتام پر پرنم آنکھوں کے ساتھ درود و سلام پڑھا گیا اور مرحوم کی بخشش کے لئے دعاکی گئی۔

رپورٹ: نوید سحر

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top