مہنگائی کا طوفان حکومت کی تباہی کا سبب بنے گا : احمد نواز انجم

حکومت مہنگائی کی آڑ میں عوام سے سرمایہ لوٹ رہی ہے : امیر منہاج القرآن پنجاب

چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور مہنگائی کا طوفان حکومت کی تباہی کا سبب بنے گا۔ حکومت مہنگائی کی آڑ میں غریب عوام کو لوٹ رہی ہے۔ دولت چند ہاتھوں میں سمٹ کے رہ گئی ہے جو کہ اسلامی اقدار کے خلاف ہے۔ لوٹ مار کو وطیرہ بنا لیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے پنجاب و دیگر صوبہ جات سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا یہ طوفان جس میں چینی سرفہرست ہے متوسط عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ عوام موجودہ حکومت سے عاجز آ چکی ہے۔ عوامی خدمت کے منصوبوں کو سیاستدانوں کے گھر بھرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سیاست کا بنیادی اصول بنا دی گئی۔ کرپٹ لوگوں کو بلا جواز تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران مہنگائی اور بے روز گاری کا فوری خاتمہ کریں ورنہ عوامی لاوا پھٹنے کے قریب ہے جس سے کچھ نہیں بچے گا۔ نورا کشتی سے عوام کو بہکانے کی مسلسل کوششیں ناکام ہوں گی۔ لوگ باشعور اور پوری دنیا کے حالات کو دیکھ رہے ہیں۔ عوام کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ کرپٹ ٹولے کا ناطقہ بند کر دے۔ اس موقع پر ناظم پنجاب سید توقیر گیلانی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top