اسلام انسانی حقوق کے تحفظ کا سب سے بڑا علمبردار ہے : علامہ شمس الرحمٰن آسی

برنلے، لندن (ابو ابراہیم وابن خلیل) انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے اسلام نے سب سے پہلے جو کام سرانجام دیا وہ نہ صرف عرب بلکہ تمام دنیا میں امن وامان کا قیام تھاکیونکہ فتنہ وفساد، خون ریزی اور قتل وغارت گری اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو قطعاً پسند نہیں۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرنیشنل برنلے کے ڈائریکٹر علامہ شمس الرحمان آسی نے مورخہ07 نومبر 2010ء کو ماہانہ محفل ذکر ونعت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ شمس الرحمان آسی نے کہا کہ اسلام نے امن وسلامتی کے فروغ کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان میں حقوق وفرائض کا تعین ہے جو ہماری انفرادی و اجتماعی زندگی میں ہمارے تحفظ کاضامن ہے، اگر اسلام کی آفاقی تعلیمات پر غور کریں تو ہمیں معلوم ہوگا کہ اس نے تمام ادیان سے بڑھ کر انسانی حقوق کی تفصیل بیان فرمائی ہے اور زندگی کے ہر شعبہ میں ایک دوسر ے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کامل راہنمائی فرمائی ہے ،اسلام نے ماں باپ کے حقوق کے علاوہ قرابت داروں کے حقوق، ہمسایوں کے حقوق، یتیموں کے حقوق،بیوہ کے ساتھ حسن سلوک، حاجت مندوں کے حقوق،غلاموں کے حقوق، مہمانوں کے حقوق اور دیگر متعلقہ لوگوں کے حقوق کو بڑے واضح انداز میں بیان فرمایا ہے ۔

علامہ شمس الرحمان آسی نے مزیدکہا کہ ان تمام حقوق کے بارے میں جاننا او ر ان کو ادا کرنا ہماری پر سکون زندگی کے لئے بہت ضروری ہے ، اگر ہم اپنے حقوق وفرائض کی انجام دہی کے لئے مخلص ہو جائیں تو ہماری آپس کی بہت سے ناراضگیاںختم ہوسکتی ہیں۔ہمارے دین نے زندگی کے ہرشعبہ میں ہماری راہنمائی کی ہے اب یہ ہماری ذمہ داری ہے ان تعلیمات اور راہنمائی پر خودبھی عمل کریں اور آئندہ نسل تک بھی اس کے پر امن اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کریں۔محفل میں حاجی غضنفر علی، کبیر حسین، مقصوداحمد، حنیف بھٹی ، محمد طاہر، محمد سلیمان کے علاوہ علاقہ بھر سے کثیر افراد نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top