اجتماعی قربانی 100 سے زائد شہروں میں ہوگی، 7000 گائے، دنبے اور بکر ے قربان کیے جائیں گے : جی ایم ملک

قربانی کا گوشت متاثرین سیلاب کیلئے بڑے پیمانے پر تقسیم کرنے کا لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے
ملک بھر سے ڈیڑھ لاکھ کھالیں اکٹھی کرنے کے لیے سینکڑوں کیمپ لگائے جائیں گے
جی ایم ملک، افتخار شاہ بخاری، احمد نواز انجم، ساجد محمود بھٹی کی اجتماعی قربانی مہم کی انتظامی کمیٹیوں سے گفتگو

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام پاکستان بھر میں کی جانیوالی اجتماعی قربانی مہم کے سربراہ جی ایم ملک نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی آفس ماڈل ٹاؤن میں قربانی مہم کے سلسلے میں بنائی گئی انتظامی کمیٹیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی سطح پر لاہور میں اور چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں اجتماعی قربانی کے انتظامات کیے گئے ہیں اور اس مرتبہ اجتماعی قربانی تحصیلی سطح تک بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7000 ہزار سے زائد جانور جن میں گائے، دنبے اور بکرے شامل ہیں قربان کیے جائیں گے اور قربانی کا گوشت متاثرین سیلاب کیلئے بڑے پیمانے پر تقسیم کرنے کا لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔ پورے ملک میں سیلاب سے متاثرہ 30 سے زائد شہروں میں اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا ہے اور ایک لاکھ سے زائد خاندانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا جائے گا۔ ساجد محمود بھٹی سربراہ قربانی مہم برائے متاثرین سیلاب نے کہا کہ متاثرین سیلاب میں گوشت کی تقسیم کیلئے شکارپور، لاڑکانہ، مظفرگڑھ، راجن پور، لیہ، میانوالی، سوات، کالام، بلوچستان کشمیر، سکھر، حیدر آباد اور شمالی علاقہ جات میں مختلف زون بنا دئیے گئے ہیں جہاں قربانی مہم کے نگران بھی مقرر کر دئیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سمیت ملک بھر میں ایک سو سے زائد شہروں میں اجتماعی قربانی کی جارہی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ ملک کے بڑے سرکاری ہسپتالوں کے مریضوں میں کھانا تقسیم کیا جائے گا۔ لاہور کے جن ہسپتالوں میں کھانا اور گوشت تقسیم کیا جائے گا، ان میں جناح، گنگا رام، میو، جنرل اور گلاب دیوی ہسپتال شامل ہیں، علاوہ ازیں ملک بھر کی جیلوں میں بند قیدیوں میں بھی کھانا اور گوشت تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے لیے ہزاروں کیمپ لگائے جائیں گے اور لاہور میں اس مقصد کے لیے 300 سے زائدکیمپ لگائے جائیں گے اور تحریک کے کار کن گھر گھر جاکر کھالیں اکٹھی کریں گے۔

افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ کھالوں سے ہونے والی آمدن متاثرین سیلاب کی بحالی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت چلنے والے یتیم و بے سہارابچوں کی تعلیم وتریبت، رہائش کے ادارے آغوش، اجتماعی شادیوں اور دیگر فلاحی، تعلیمی و صحت کے منصوبہ جات پر خرچ کی جائے گی۔ تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے کہا کہ اس مرتبہ ڈیڑھ لاکھ کھالیں اکٹھی کرنے کا ہدف تنظیمات کو دیا گیا ہے جسے ان شاء اللہ حاصل کرلیا جائے گا۔ قربانی مہم کے لیے مرکزی سطح پر درجنوں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تنظیمات کو دیے گئے ہدف اور ان کے حصول کو ممکن بنانے کے لیے مرکزی کھال کولیکشن کمیٹی کے تحت سب کمیٹیاں سرگرم ہوچکی ہیں اور ڈیڑھ لاکھ کھالوں کے ہدف سے زیادہ کھالیں اکٹھی ہوجائیں گی۔ کارکنوں نے مختلف شہروں میں کیمپ لگانے کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ اس موقع پر عاقل ملک، میاں طاہر یعقوب، میاں زاہد اسلام، حاجی منظور حسین، شمیم نمبردار، ساجد حمید اور دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top