حکومت طلبہ یونینز کی بحالی سے قبل قبضہ گروپوں کے خاتمے کو یقینی بنائے : ساجد گوندل

حکومت طلبہ یونینز کے الیکشن سے قبل تعلیمی اداروں میں قتل و غارت گری نہ ہونے کی ضمانت مہیا کرے۔ تعلیمی اداروں میں غنڈہ گردی کی روک تھام کر کے پرامن اور علم دوست ماحول مہیا کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ طلبہ کا اولین مقصد علم کا حصول ہے اور جو طلبہ حصول علم کے دوران لیڈر شپ کے خواہشمند ہوتے ہیں وہ حقیقی لیڈر نہیں بن سکتے۔ ان خیالات کا اظہار مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد گوندل نے ایگری کلچر یونیورسٹی راولا کوٹ سے وحید مصطفوی کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ یونینز پر پابندی ہٹانے سے پہلے حکومت کو چاہیے کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں قبضہ گروپوں کے خاتمے کو یقینی بنائے تاکہ سٹوڈنٹس اپنی مرضی کے مطابق تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو سیاست سے پاک کرنے سے ہی معیار تعلیم بلند کیا جاسکتا ہے۔ علم کے حصول میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت اب ایسا فیصلہ کرنے سے قبل ایسے قواعد و ضوابط کو حتمی شکل دے جس سے درسگاہیں اسلحہ اور انتہا پسندانہ ماحول سے پاک ہوسکیں۔ اس موقع پر صدر MSM ایگری کلچر یونیورسٹی خبیب احمد، عماد مصطفوی، آفتاب احمد، محمد ابوبکر اور دیگر کارکنان MSM موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top