سخاوت، حیاء اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی امتیازی خصوصیات تھیں: علامہ شمس الرحمان آسی
برنلے (ابوا براہیم ابن خلیل) ابتدائے اسلام میں جب انتہائی مشکلات و مصائب کاسامنا تھا اس وقت جو چوتھی شخصیت ایمان لائی انہیں تاریخ سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نام سے جانتی ہے، آپ نے اسلام کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں اور اپنی جان ومال کے ذریعے ہر موقع پر سخاوت و دریا دلی کا مظاہرہ کرتے رہے۔ آپ کی سخاوت اور دریا دلی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ بئرِ رومہ جس کے بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تھا کہ جو اس کنویں کو مسلمانوں کے لئے خریدے گا وہ جنتی ہوگا، اس کنویں کو آپ نے چوبیس ہزار درہم میں خرید کر مسلمانوں کے لئے وقف کردیا، اسی طرح جب مسجد نبوی کی توسیع کا معاملہ آیا تو حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بیس ہزار اشرفیوں سے کئی مکانات خرید کر مسجد نبوی کے لئے وقف کر دیئے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن انٹرنیشنل برنلے کے ڈائریکٹر علامہ شمس الرحمان آسی نے سنٹر کے زیراہتمام محفل ذکر ونعت میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی ترویج و اشاعت میں جن شخصیات نے گراں قدر خدمات سرانجام دیں ان میں عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نام سرفہرست ہے اور ان کی خدمات کو تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔ یوں تو آپ کے بہت سے اعزازات و امتیازات ہیں مگر ایک اعزاز ایسا ہے جو پوری تاریخ انسانیت میں آپ کے حصے میں آیا اور وہ ہے ’’ذوالنورین‘‘ یعنی دو نوروں والاہونا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یکے بعد دیگرے اپنی دو بیٹیوں کا نکاح آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے کیا۔ آپ حیاء اور ایمان میں مکمل اور قرآن مجید کے جامع ہیں جن کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ علامہ شمس الرحمان آسی نے کہا کہ سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بے حد محبت کرتے تھے جس کا ثبوت انہوں نے ہر موقع پر دیا۔ صلح حدیبیہ کے موقع پرجب کفار مکہ نے یہ کہا کہ ہم اس بار مسلمانوں کو حج کی اجازت نہیں دیں گے لیکن آپ چونکہ آگئے ہو تو طواف کرسکتے ہو۔ اس پر سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کفار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’ یہ کیسے ممکن کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تو طواف سے رکے ہوئے ہوں اور عثمان طواف کرے، میں تاجدار کائنات کے بغیر طواف نہیں کرسکتا‘‘ حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خدمات کادائرہ کار بہت وسیع ہے جس کا احاطہ نہیں کیا جاسکتا۔ ہمیں اپنے اسلاف کی تعلیمات کو یاد رکھتے ہوئے ان پر عمل کرنا چاہیئے۔
محفل میں کبیر حسین، مقصود احمد، ابراہیم رحمان، محمد طاہر، محمد اسماعیل اور محمد اسحاق کے علاوہ علاقہ بھر کے کثیر افراد نے شرکت کی، آخر میں پوری امت مسلمہ کے لئے بالعموم اور پاکستان کی امن و سلامتی کے لئے بالخصوص دعا کی گئی۔
تبصرہ