منہاج القرآن انٹرنیشنل نیکیا یونان کے زیر اہتمام سیدنا عثمان غنی (رض) کے یوم شہادت پر عظیم الشان محفل کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل مرکز نیکیا یونان کے زیر اہتمام مورخہ 26 نومبر2010ء کو شہادت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سلسلہ میں عظیم الشان محفل منعقد ہوئی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز محمد بشارت قادری نے قرآن مجید کی تلاوت سے کیا جبکہ محمد عارف قادری، مظہر اقبال او ر محمد ادیب نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔

شہادت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سیرت پر گفتگو کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل نیکیا مرکز کے ڈائریکٹرصوفی عبید اللہ چشتی نے کہا کہ غزوہ تبوک کے موقع پر جب آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ کی راہ میں مال خرچ کرنے کے لئے کہا توسیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایک سو اونٹ بمعہ سازوسامان اللہ کی راہ میں دینے کا اعلان کیا، سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دوبارہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کا کہا تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دو سو اونٹ دینے کا اعلان کیاپھر تیسری بار مزید تین سو اونٹ فی سبیل اللہ دینے کا اعلان کیا اور یوں چھ سو اونٹ غزوہ تبوک کے موقع پر اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کا اعلان کیااور بعد میں گھر سے ایک ہزار دینار لا کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدموں میں رکھ دیئے۔ سرکار دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دیناروں کو اپنے ہاتھوں میں الٹتے اور فرماتے کہ آج عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جنت خرید لی ہے۔ایک مرتبہ احد پہاڑ پر میرے آقاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ، حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کھڑے تھے کہ پہاڑ میں زلزلہ بپا ہواتو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پہاڑ پر اپنا عصا مارتے ہوئے فرمایا اے پہاڑ ٹھر جا تجھ پر ایک نبی، ایک صدیق اور دو شہید کھڑے ہیں اور پہاڑ ٹھر گیایعنی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت کی خبر پہلے ہی دے دی تھی۔

حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ تما م عمر اللہ کی راہ میں خرچ کرتے رہے ان کی زندگی میں ہی محبوب دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انہیں جنتی ہونے کی بشارت دے دی۔ منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سیرت اپنانے اور دین پر خرچ کرنے کی یہی محبت ہمارے دلوں میں ڈالنا چاہتا ہے۔ دین اسلام کی خدمت کے لئے مشن منہا ج القرآن میں شامل ہو کر اللہ اور اس کے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو راضی کریں۔

رپورٹ: نوید سحر

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top