میلاد اور درود و سلام کا آپس میں گہرا تعلق ہے، یہ اللہ اور انبیاء کی سنت ہے : صاحبزادہ حسین محی الدین قادری
آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت
کائنات کیلئے اللہ کی نعمتوں اور فضل کا باعث ہے
جو دل محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خالی ہوگا اس کا کوئی عمل اللہ تعالیٰ
کی بارگاہ میں قبول نہ ہوگا
تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ میلاد اور دورود و سلام کا آپس میں گہرا ربط ہے، میلاد منانا اللہ اور اس کے انبیاء کی سنت بھی ہے۔ درود و سلام ایک ایسا عمل ہے جو اللہ رب العزت کی سنت مبارکہ ہے اور اسکے مقرب فرشتے بھی یہ فریضہ ہر وقت بجالاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے نیک بندوں کو بھی یہ حکم دیا ہے کہ تم بھی میرے محبوب صاحب لولاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق محبت کو پختہ کرو اور ان کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا کرو۔ وہ گزشتہ روز ملک بھر سے آئے ہوئے گوشہ درور کے معتکفین سے ٹیلی فونک گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر حاجی ریاض احمد، حاجی سلیم قادری، الحاج سید مشرف شاہ، لطیف مدنی اور دیگرعلماء بھی موجود تھے۔
صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاطر کیا جانے والا معمولی سا عمل بھی بارگاہ ایزدی میں باعث اجر و ثواب ہے۔ سارے اعمال کی عظمت و قبولیت اسی عمل کے سبب سے ہے جو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں کیا جائے اور اگر دل محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خالی ہے تو کوئی عمل بارگاہ خداوندی میں باعث اجر نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی روح ایمان ہے، بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ذرا سی بے ادبی سے انسان کے اعمال ضائع ہوجاتے ہیں جس کا انسان کو علم بھی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کائنات کیلئے اللہ کی نعمتوں اور فضل کا باعث ہے۔ اس فضل اور رحمت کی آمد پر اگرخوشی نہ کی جائے تو بے شک ہم عبادت و ریاضت کے ڈھیر لگا دیں، اللہ تعالیٰ کواس سے کوئی سروکار نہ ہوگا۔ اسے تو اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد پر ہمارا خوش ہونا ہماری تمام عبادات سے زیادہ اچھا لگتا ہے۔
تبصرہ