مغربی ممالک میں معذوروں کو دیئے گئے حقوق اسلامی روح کے قریب تر ہیں : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک میں معذوروں کے حقوق کے حوالے سے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے
اسلام معذور افراد کو معاشرے کا قابل احترام اور باوقار حصہ بنانے کی تلقین کرتا ہے
معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری کا خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ مغربی ممالک میں معذوروں کو دیئے گئے حقوق اسلامی روح کے قریب تر ہیں مگر پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک میں معذوروں کے حقوق کے حوالے سے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت پاکستان اس حوالے سے قانون سازی کے عمل کو آگے بڑھائے تا کہ معاشرے میں ایسے افراد احساس محرومی کی بجائے اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو معاشرے کیلئے سود مند بنا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے بلا امتیاز مذہب، رنگ، نسل اور سماجی مرتبہ کے سب کو مساوی حقوق عطا کئے ہیں اور معذور افراد کو زندگی کے مختلف شعبوں میں نظر انداز کرنے کی روش کی نفی کی ہے۔ قرآن حکیم نے نفس انسانیت کو مستحق عزت و وقار قرار دیا ہے اور ان کے حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کیا ہے۔ وہ گذشتہ روز ڈائریکٹوریٹ آف میڈیا تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام معذوروں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے کینڈا سے ٹیلیفونک خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر قائمقام ناظم اعلیٰ بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، جی ا یم ملک، احمد نواز انجم، راجہ جمیل اجمل، قاضی فیض الاسلام، جواد حامد اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

اسلامی ریاست میں معذوروں کو ناقابل برداشت ذمہ داریوں سے استثناء کا بنیادی حق دیا گیا ہے۔ اسلام معذور افراد کو معاشرے کا قابل احترام اور باوقار حصہ بنانے کی تلقین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے عطا کردہ جملہ حقوق کی ادائیگی میں معذوروں کو ترجیحی مقام دیا جائے تا کہ معاشرے میں انکے استحصال یا محرومی کی ہر راہ مسدود ہو جائے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام نے تو جانوروں کے حقوق بھی متعین کئے ہیں۔ اسلامی دنیا کے سکالرز کی اولین ذمہ داری ہے کہ اسلام کے امن و سلامتی، محبت، برداشت، ہم آہنگی اور انسانیت کو دئیے گئے حقوق کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور اسلامک سائنسز میں ریسرچ کے کلچر کو پروان چڑھائیں تا کہ اسلام جیسے آفاقی مذہب کے بارے میں پائی جانیوالی غلط فہمیوں کا ازالہ ممکن ہو سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top