منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے زیراہتمام عید ملن پارٹی کی تقریب

منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے زیراہتمام مورخہ 21 نومبر 2010ء بروز اتوار لندن سنٹر میں عید ملن پارٹی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔

تقریب میں منہاج القرآن لندن ساؤتھ زون کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، تلاوت و نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے امیر ظہور احمد نیازی نے شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ رب العزت کے شکر گذار ہیں کہ اس نے ہمیں اپنے دین کی خدمت کی نوکری عطا کی ہے او ر یہ نوکری اس لئے بھی منفرد ہے کہ اس میں سال کے تمام دن اور دن کے تمام اوقات انفرادی اور اجتماعی سطح پر خود کو خدمت دین کے لئے خاص رکھیں۔ امت مسلمہ اللہ اور اس کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات سے بغاوت کے باعث در بدر پھر رہی ہے۔ منہاج القرآن کا گوشہ درود سب سے بڑا خزانہ اور درود و سلام سب سے بڑا نذرانہ ہے تمام کارکن اس پر کاربند ہو جائیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے سرپرست صوفی محمد اسلم نے کہانوجوان خود کو جہاد باالنفس اور شیطان کو شکست دینے کے لئے تیار رہیں، اخوت و بھائی چارے کے فروغ، معاشرتی برداشت اور سماجی تعلقات کی بہتری کے لئے عملی کردار ادا کریں۔

سیکرٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے عید ملن پارٹی کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے منہاج القرآن کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی اور برطانیہ و یورپ میں دینی و دنیاوی تعلیم کے حصول پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن روایتی مذہبی، سیاسی یا پیر خانوں کی آبادی کی تنظیم نہیں بلکہ یہ تجدید دین کے ایسے تسلسل کا نام ہے جو اللہ تعالیٰ کی جانب سے امت کی راہنمائی وہدایت کے لئے انبیاء کرام اور صحابہ کرام سمیت اولیاء اللہ کے ذریعے ہم تک پہنچا ہے۔

تقریب سے لندن مرکز کے امام علامہ صادق قریشی، حاجی یونس قادری، اشتیاق احمد قادری، نوید قادری، چوہدری عدیل، حافظ سجاد حسین، ڈاکٹر زاہد اقبال، ڈاکٹر اظہر جاوید، سہیل کامران اور ساجد حسین عاجزی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منہاج القرآن کی علمی، مذہبی اور سماجی خدمات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ کے لئے بانی وسرپرست منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

رپورٹ:آفتاب بیگ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top