حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملا کر اسلام کو ہمیشہ کیلئے زندہ کر دیا: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری

اہل بیت اطہار علیھم السلام سے محبت کرنا اور غم حسین علیہ السلام میں رونا ایمان کی اساس ہے
اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت تقسیم کرنے والے خارجی ہیں
شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ کربلا کے میدان میں حضرت امام حسین علیہ السلام، اہل بیت اطہار اور جانثاروں نے راہ عزیمت پر چلتے ہوئے قربانی کی جو داستان رقم کی اس پر انسانیت قیامت تک فخر کرتی رہے گی۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملا کر اسلام کو ہمیشہ کیلئے زندہ کر دیا۔ یزید کفر، فسق و فجور، دہشت گردی انسانی حقوق کی پامالی اور ظلم کا نمائندہ تھا جبکہ امام حسین علیہ السلام حق پرستی، سلامتی، امن اور انسانی وقار کی علامت ہیں۔ حضرت امام حسین کی شہادت کے باعث ریگزار کربلا سے ان عظیم رویوں کا اجراء ہوا جن سے پوری انسانیت بلا امتیاز رنگ و نسل و مذہب رہنمائی لیتی رہے گی۔ وہ گذشتہ روز منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی شہادت امام حسین کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم، راجہ جمیل اجمل، جواد حامد، سید فرحت حسین شاہ، محمد حسین آزاد الازھری اور لاہور بھر سے آئے ہوئے ہزاروں مرد و خواتین بھی موجود تھے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم، اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم سے والہانہ محبت کرتے تھے اور اہل بیت اطہار صحابہ کرام سے محبت کا کھل کر اظہار کرتے تھے۔ یوم عاشور امت مسلمہ کو پیغام دے رہا ہے کہ اہل بیت اطہار علیھم السلام سے محبت کرنا اور غم حسین علیہ السلام میں رونا ایمان کی اساس ہے۔ اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت تقسیم کرنے والے خارجی ہیں اور ان کا اسلام، صحابہ اور اہل بیت اطہار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن عالم اسلام کی واحد تحریک ہے جو اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی محبت کو یکجا کر رہی ہے۔ اسکا مشرب جوڑنا ہے توڑنا نہیں اور وہ وقت بہت جلد آئے گا جب امت دوبارہ متحد ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے عظیم قربانی اس لئے دی تھی کہ امت مسلمہ نفاق و انتشار کی بجائے اتفاق و اتحاد سے یزیدی فکر کو ہمیشہ شکست دیتی رہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top