قومی کھیل ہاکی کی بدولت سبز ہلالی پرچم کئی بار سربلند ہوا ہے: خواجہ جنید

نوجوانوں کو بہتر مستقبل کی گارنٹی ہو تو ہاکی اپنا کھویا ہوا مقام بحال کر سکتی ہے: ساجد محمود بھٹی
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کی خواجہ جنید سے ملاقات، ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا

20 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان ہاکی میں کوئی بین الاقوامی اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور اس کھیل کی بدولت سبز ہلالی پرچم کئی بار سربلند ہوا ہے، مگر بدقسمتی سے ہاکی کے کھیل کو کبھی بھی سرکاری سرپرستی حاصل نہ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ہاکی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اور سابق اولمپین خواجہ جنید نے منہاج القرآن کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہماری موجودہ ٹیم میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے اور ایشین چمپین شپ کے بعد ہمارا اگلا ہدف ورلڈ کپ میں فتح کا حصول ہے۔ ہاکی کو سکول کی سطح پر طلباء میں عام کیا جائے تو نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آ سکتا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی پر قوم کی طرف سے عزت افزائی پر خوشی کا اظہار کیا اور قوم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ہر میدان میں با صلاحیت لوگوں کی حوصلہ افزائی کی ہے اس کامیابی پر ان کی دعائیں اور مبارکباد ہمارے لئے سرمایہ افتخار ہیں۔ منہاج القرآن کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے ساجد محمود بھٹی ناظم تنظیمات نے خواجہ جنید اور قومی ہاکی ٹیم کو ڈاکٹر طاہر القادی کی طرف سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوجوانوں کو روزگار اور بہتر مستقبل کی گارنٹی ہو تو ہاکی اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top