مظفر گڑھ میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی متاثرین سیلاب کے لیے 18 مکانات کی تعمیر مکمل

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام متاثرین سیلاب کےلیےتیسرے مرحلےمیں بھی ”سیلاب زدگان کی مستقل بحالی“ کا کام جاری ہے۔ اس حوالے سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کےبحالی پلان میں گھروں کی تعمیرات کی جا رہی ہیں۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ ملتان ڈویژن کی تنظیم نے مظفر گڑھ کے علاقے شاہ جمال میں 50 گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ جس میں سے 18 مکانات تعمیر کرا کر چابیاں متاثرین سیلاب کے حوالے کر دی ہیں۔

مظفر گڑھ کے علاقہ شاہ جمال میں مکانات کی تعمیر کا جائزہ لینے کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری کی قیادت میں ماہرین کےایک وفد نے وزٹ کیا اور مکانات کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ وفد میں انجینئر افضال غوث، ماہر تعمیرات میاں افتخار احمد، ڈائریکٹرمنہاج پروڈکشنز شفیق الرحمن سعد، ڈپٹی ڈائریکٹر پروڈکشنز خرم خالد اور شیراز احمد شامل تھے۔مقامی سطح سے وفد کی نمائندگی منہاج القرآن یوتھ لیگ ملتان کے صدر غلام عباس نے کی۔

میاں افتخار احمد اور انجینئر افضال غوث نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوکل تنظیم نے مکانات کی تعمیر بڑے معیاری انداز سی کی ہے اور اس میں مٹیریل بھی اعلیٰ کوالٹی کا شامل کیا ہے۔ تعمیر میں کسی بھی اعتبار سے کوئی نقص سامنے نہیں آیا اور ڈیزائن میں بھی یکسانیت رکھی گئی ہے۔

اس موقع پر منہاج یوتھ ونگ ملتان کے صدر غلام عباس نے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ نے مقامی سطح پر مخیر حضرات کو شامل کر کے یہ مکانات تعمیرکرائے ہیں۔ مکانات کی تعمیر میں وہ مٹیریل بھی استعمال کیا گیا جو سیلاب میں مکانات گرگئے تھے۔ان کے مطابق اب تک سنگل کمرے کے جو مکان بنا کر دیئےگئے ہیں انکی تعداد 17 ہے جبکہ ایک ڈبل بیڈ مکان بھی بنا کر دیا گیا ہے۔ مقامی سطح پر سنگل کمرے پر اخراجات 65 ہزار روپے آئے ہیں۔ جبکہ ڈبل بیڈکے اخراجات ایک لاکھ 30 ہزار روپے آئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ لاگت اس لیے کم آئی ہے کیونکہ زیادہ تر مٹیریل تباہ شدہ مکانات کے ملبے سے باقی بچ جانے والا میٹریل بھی استعمال میں لایا گیا ہے۔

اس موقع پر منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے بتایا کہ ابھی تک جو تعمیرات ہو رہی ہیں یہ ہماری لوکل تنظیمات کی کاوش ہے۔ نوشہرہ میں 85 مکانات بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نوشہرہ کی تنظیم نے اپنے فنڈ حاصل کر کے بنائے ہیں۔ انہوں نے مکانات کی اس تعمیر پر لوکل تنظیموں اور ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔

افتخار شاہ بخاری نے بتایا کہ مرکزی تنظیم کے تحت تیسرے مرحلے ”تعمیر نو برائے سیلاب زدگان“ کا کام شروع ہو چکا ہے، جس کے جلد نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے 30 کروڑ روپے کا یہ منصوبہ بنایا ہے کہ مخیر حضرات اور اہل ثروت طبقہ آگے آئے اور سیلاب زدگان کیلئے ان مکانات کی تعمیر میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ساتھ دے۔

رپورٹ : غلام عباس (ملتان)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top