مذہبی اور سیکولر انتہا پسندی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے

حالات کو بدلنے کیلئے 97 فیصد عوام کو تبدیلی کے عمل میں شریک کرنا ہو گا۔ احمد نواز انجم
تارکین وطن ملک عزیز کے حالات پر بہت دکھی ہیں۔ شیخ زاہد فیاض
تحریک منہاج القرآن پنجاب کی مجلس مشاورت کا دو روزہ اجلاس

قتل و غارت گری اور دہشت گردی کا تسلسل ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ہوشرباء مہنگائی، بے روزگاری اور پٹرول کی قیمتوں کا لگاتار بڑھنا غریب کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ مذہبی اور سیکولر انتہا پسندی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اس کے خاتمے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔ یہ مطالبات تحریک منہاج القرآن پنجاب کی مجلس مشاورت کے دو روزہ اجلاس کے اختتامی سیشن میں کئے گئے جسمیں پنجاب بھر سے تحصیلی و ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت امیر پنجاب احمد نواز انجم نے کی جبکہ سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی اور دو ماہ کے یورپ کے دورے کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن ملک عزیز کے حالات پر بہت دکھی ہیں وہ ملک کو معاشی و سیاسی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں مگر ملکی حالات ان کی اس خواہش کے بالکل برعکس ہیں۔ ملکی سلامتی اور خود مختاری کو لاحق خطرات پر بیرون ملک پاکستانیوں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ فیصلے ملکی اور عوامی مفاد میں کرے۔ امیر پنجاب احمد نواز انجم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحصیلی اور ضلعی عہدیداران یوسی سطح تک دعوت کے عمل کو تیز کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ پاکستان کے موجودہ حالات کو بدلنے کیلئے 97 فیصد عوام کو تبدیلی کے عمل میں شریک کرنا ہو گا تاکہ 3 فیصد طبقہ کے مورثی اقتدار کا خاتمہ ہو سکے۔ اس حوالے سے تحریک منہاج القرآن کے ہر کارکن کو اپنی سرگرمیوں کو مزید موثر کر کے اس کا دائرہ کار بھی بڑھانا ہو گا تاکہ وطن عزیز میں 3فیصد طبقے کی گرفت ٹوٹ سکے اور ملک میں عوام کی حکومت قائم ہو سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top