منہاج یوتھ لیگ سپین کے زیر اہتمام نیو ایئر نائٹ پر محفل نعت کا انعقاد
منہاج القرآن اسلامک سنٹر بارسلونا میں مورخہ 31 دسمبر 2010ء بروز جمعۃ المبارک بعد نماز عشاء شب التجاء کے عنوان سے محفل نعت کا انعقاد کیا گیا۔
محفل کاباقاعدہ آغاز حافط عبدالرزاق نقشبندی اور منہاج یوتھ لیگ کے حافظ عاطف احتشام نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول پیش کئے گئے، نعت خوانی میں حصہ لینے والے خوش نصیبوں میں حافظ ناصر محمود، نبیل اعظم، فیض رسول، اصفہان لیاقت، تنزیل الرحمان، محمد عثمان قادری، سدا احمد، ارشد بشیر، قاری عبدالرحیم، منصور احمد سجاد گولڑوی، اصغر بیگ، منہاج نعت کونسل اور معروف نعت خواں قدیر احمد خاں شامل تھے۔
شرکائے محفل نے رات 12 بجے نئے سال کا آغاز دست بستہ درود و سلام پیش کر کے کیا جس کے فوراً بعد علامہ احمد رضا منہاجین نے اصلاح احوال اور حالات حاضرہ کے موضوع پر انتہائی آسان فہم خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا وجود پورے یورپ میں ہماری اولاد کے ایمان کے تحفظ کی ضمانت ہے اور اس طرح کی محافل اس بات کا ثبوت ہیں۔ آج کی محفل جو منہاج یوتھ لیگ نے سجائی ہے یہ ایک نیا اور احسن کام ہے اس کو بدعت حسنہ کہتے ہیں۔ اللہ رب العزت کا کرم اور فضل ہے کہ ہم آج اس محفل میں موجود ہیں بجائے اس کے کہ ہم باہر جاتے لغو کاموں اور اللہ کی نافرمانی کا شکار ہوتے یہ ہمارے ایمان کا حیاء ہے کہ ہم مسجد میں بیٹھے ہیں۔
منہاج یوتھ لیگ نے شرکاء کو پیغام دیا کہ نئے سال کے پہلے دن ہمیں اپنی نیتوں کو صاف کرنا ہے اور عزم کرتے ہیں کہ آئندہ سے اپنے اخلاق و کردار کو سنواریں گے۔ محفل میں نقابت کے فرائض منہاج یوتھ لیگ سپین کے یوسف بلال اور محمد عتیق نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کے بعد نماز تسبیح ادا کی گئی اور خصوصی دعا کے بعد شرکائے محفل کو لنگر پیش کیا گیا۔
رپورٹ : محمد عتیق قادری
تبصرہ