مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کردیا : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

حکومت کو 63 سال گزرے ہوں یا 5سال، عوام عزت سے جینے کا حق مانگتے ہیں
بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ خطرناک لہر ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ کی جنوبی پنجاب سے آئے وفد سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان قیادت کے بدترین بحران کا شکار ہے اور اس کا المیہ یہ ہے کہ اقتدار پر براجمان لیڈر نہیں ہیں جبکہ حقیقی لیڈر اقتدار میں نہیں ہیں۔ عوام کو موجودہ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا تاکہ حقیقی قیادت ملک کی بھاگ دوڑ سنبھال سکے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی باہم متصادم رہنے کی طویل تاریخ نے پاکستان کے امیج کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔

مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کر دیا ہے۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، لوڈ شیدنگ اور بے روز گاری کے عذاب نے 17 کروڑ عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ وہ جنوبی پنجاب سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات سے محرومی پاکستانی عوام کا مقدر بنا دی گئی ہے۔ پاکستان میں اداروں کا ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑے ہونا اس کی یکجہتی اور سلامتی کے لیے خطرہ بنتا جارہا ہے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ حکومت کو ساٹھ سال گزرے ہوں یا پانچ سال عوام کو اس سے غرض نہیں وہ عزت سے جینے کا حق مانگتے ہیں جس کی ذمہ داری لینے کو کوئی بھی تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی دلدل میں دھنسے پاکستان کے سر پر صاحبان اقتدار کشتی کھیل رہے ہیں اور انہیں احساس نہیں کہ اس کے وجود کو کتنے خطرات لا حق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جن سنگین اور گھمبیر مشکلات کا سامنا ہے اس کے پیش نظر مقتدر طبقہ برداشت کے کلچر کا عملی مظاہرہ کرے ملک اور عوام کے حال پر رحم کریں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں ملک کو بحران سے نکالنے پر مرکوز رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اور کراچی میں ہونیوالے بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ خطرناک لہر ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس پرتشدد رویے کو کچلنے کیلئے مؤثر اور سنجیدہ کارروائی کریں اور مذہبی و لسانی بنیادوں انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتا ہوا تشدد معاشرے کے اندر پائی جانیوالی تنگ نظری، انتہا پسندی اور لسانی و صوبائی عصبیت کو ظاہر کرتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top