کالج آف شریعہ کا ایک اور اعزاز، سید حیدر علی بخاری منہاجین کی فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں پہلی پوزیشن

تحریک منہاج القرآن کا مرکزی نمائندہ تعلیمی ادارہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے ہونہار گریجوایٹ سید حیدر علی بخاری (منہاجین) نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں اول پوزیشن حاصل کی ہے۔ وہ اس اعزاز کے ساتھ اسلام آباد ماڈل کالج کے لیے لیکچرار بھی نامزد ہوگئے ہیں۔ سید حیدر علی شاہ بخاری کالج آف شریعہ دی منہاج یونیورسٹی لاہور سے اسلامیات و عربیک میں ماسٹرز ڈگری کے علاوہ الشہادۃ الفراغ بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے شاندار تعلیمی کیریئر کے دوران جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن سے گولڈ میڈل اور جامعہ پنجاب سے بھی امتیازی پوزیشن حاصل کیں۔ اس کے علاوہ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی ہمیشہ ان کا کردار نمایاں رہا۔

اپنے دور طالب علمی میں انہوں نے کالج آف شریعہ کی طرف سے بے شمار صوبائی وقومی تقریری مقابلوں اور مباحثہ جات میں بھی نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔ کالج آف شریعہ میں طلبہ کی نمائندہ بزم منہاج کے وہ جنرل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔ سید حیدر علی بخاری کالج آف شریعہ میں لیکچرار کی خدمات سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں بطور ریسرچ اسکالر بھی خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سید حیدر علی شاہ بخاری کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے خصوصی دعاؤں سے نوازا ہے۔ کالج آف شریعہ کے پرنسپل، اساتذہ کرام اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے بھی ہونہار سکالر کو خصوصی مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے شاندار مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top