تحریک منہاج القرآن میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عالمی جشن کے طور پر منائے گی، مینار پاکستان میں لاکھوں عاشقان رسول (ص) شرکت کریں گے

تحریک کے کارکنان کی طرف سے پڑھا جانے والااربوں درود پاک بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا جائے گا
سیکورٹی کے انتظامات کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ کے پانچ ہزار نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ خدمات سر انجام دے گا
سربراہ میلاد مہم شیخ زاہد فیاض کی مینار پاکستان کے سبزہ زار میں عالمی میلاد کانفرنس کے سلسلے میں تشکیل دی جانیوالی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عالمی جشن کے طور پر منائے گی۔ آقائے دو جہاں کے میلاد کی خوشی مناناہر مسلمان پر فرض ہے۔ دنیا میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت سے بڑی کوئی خوشی نہیں۔ تحریک منہاج القرآن اس فریضہ کی ادائیگی میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔ اس سال جشن عید میلا النبی پوری سج دھج سے منایا جائے گا۔ 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان پر عالم اسلام کی سب سے بڑی 27ویں عظیم الشان سالانہ عالمی میلاد کا نفرنس منعقد ہو گی جس میں دنیا بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، قراء و نعت خوان حضرات اور عالم اسلام کی مقتدر مذہبی شخصیات خصوصی شرکت کریں گی۔ عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری خصوصی خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ میلاد مہم تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں عالمی میلاد کانفرنس کے سلسلے میں بنائی گئی مختلف انتظامی کمییٹوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر جواد حامد، جی ایم ملک، ساجد محمود بھٹی، عاقل ملک، شوکت علی قادری، ملک شمیم نمبردار، سید فرحت حسین شاہ، راجہ جمیل اجمل، محمد ارشاد طاہر و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پچاس انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی کے انتظامات کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ کے پانچ ہزار نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ خدمات سرانجام دے گا۔ عالمی میلاد کانفرنس کو دنیا بھر میں مختلف ٹی وی چینلز براہ راست دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں پاکستان اور دنیا بھر سے لاکھوں شرکاء مرد و خواتین شرکت کریں گے۔

میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے ملک کے تمام بڑے شہروں میں میلاد مارچ کیا گیا جن میں لاکھوں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ میلاد مارچ کا مقصد عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کرنا ہے۔ لوگوں کو اس موقع پر اپنے گھروں پر چراغاں کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے بالخصوص پنجاب بھر میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کا وزٹ کیا جار ہا ہے۔ دورسرے مرحلہ میں لاہور سے مریدکے، کامونکی، گوجرانوالہ، وزیر آباد، گجرات، لالہ موسیٰ، سرائے عالمگیر، جہلم، گوجر خان، راولپنڈی، اسلام آباد، ٹیکسلا، حسن ابدال، حضرو، اٹک، ہری پور، مانسہرہ اور مظفر آباد شامل ہیں۔ جبکہ تیسرے مرحلہ میں جنوبی پنجاب، لاہور سے ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان ڈویژن کے علاقے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور مرد حضرات کیلئے الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے۔ ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ میلاد کی رات ہر سال کی طر ح امسال بھی مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ایک ہزار سے زائد بکرے ذبح کیے جائیں گے اور 7 بجے سے 9 بجے تک ہر خاص و عام کے لئے کھانے کا وافر اہتمام ہوگا۔ عالمی میلاد کانفرنس کو انٹرنیٹ کے ذریعے براہ راست نشر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یکم ربیع الاول سے لے کر بارہ ربیع الاول تک روزانہ بعد نماز مغرب میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مشعل بردارجلوس نکالے جا رہے ہیں اور خصوصی دروس قرآن کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا عالمی میلاد کانفرنس کے موقع پر ہزاروں نئے افراد تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ اس موقع پر گوشہ درود شریف اور دنیا بھر سے تحریک کے کارکنان کی طرف سے اربوں مرتبہ پڑھے جانے والے درود پاک کا تحفہ بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا جائے گا۔ ۔ سربراہ میلاد مہم نے کہا کہ منہاج القرآن سے وابستہ تمام افراد اس مبارک ماہ میں ایک دوسرے کو تحائف، پھولوں کے گلدستے اور میلاد کارڈ پیش کریں گے۔ اپنے گھر محلے کی صفائی کے ساتھ ساتھ نئے صاف ستھرے کپڑے پہنیں گے اور اپنے سینوں پر نعلین پاک کا نقش آویزاں کریں گے۔ 12 ربیع الاول کو ہر کارکن کے گھر میں نماز فجر کے بعد کھڑے ہو کر نذرانہ درود سلام پڑھا جائے گا اور شیرینی تقسیم کی جائے گی۔ ملک بھر میں بازاروں، عمارتوں اور گھروں کو بھرپور سجایا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top