تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیراہتمام آمد مصطفیٰ (ص) کی خوشی میں عظیم الشان جلوس

ماہ ربیع الاول کی پُرنور ساعتوں میں تحریک منہاج القرآن لودھراں کے زیراہتمام عظیم الشان جلوس نکالا گیا۔ جس کی قیادت امیر اہل سنت ملتان ڈویژن پیر سید ظفر علی شاہ، تحریک منہاج القرآن لودھراں کے صدر ملک اسلم حماد، ڈی سی او لودھراں شیخ غلام فرید، ڈی پی او آغا یوسف، مرکزی میلاد کمیٹی کے صدر الحاج حافظ شیر محمد، شیخ افتخار الدین تاری، ملک نازک آرائیں، نواب غلام مصطفیٰ خاں نے کی۔ جبکہ اہل سنت کے جید علماء بھی خصوصی طور پر جلوس میں شریک ہوئے۔

جلوس میں نقابت کے فرائض ناظم تحریک منہاج القرآن رانا محمد ظاہر نے سرانجام دیئے۔ جلوس غوثیہ چوک لودھراں سے شروع ہوا اور میلاد چوک سپر ہائی وے سے ہوتا ہوا شہر میں داخل ہوا۔ پورے شہر اور بازار کا چکر لگانے کے بعد جلوس کا اختتام جامعہ غوثیہ پر ہوا۔ جلوس سے فاضل جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن شاگرد رشید شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری علامہ نصیر بابر نے خطاب کیا۔ ڈی سی او شیخ غلام فرید نے تحریک منہاج القرآن کی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس شاندار کاوش کو خراج تحسین پیش کیا۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کا موٹر سائیکل سواروں کا دستہ جلوس کے آگے آگے رہا جبکہ کارکنان منہاج القرآن کا رسہ بردار دستہ جلوس کو مسلسل کنٹرول کرتا رہا۔ منہاج القرآن کے کارکنان اپنے منفرد اور مخصوص انداز میں درود پاک پیش کرتے رہے۔ اس جلوس میں منہاج القرآن کی طرف سے دی جانے والی سیکیورٹی کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ ہزاروں کی تعداد میں عاشقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس جلوس میں شریک ہوئے۔ آخر میں دعا اور سلام بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top